پہلا فیفا ویمنز کلب ورلڈ کپ 2028 امریکا میں ہوگا، 19 ٹیمیں شرکت کریں گی
فٹبال کی عالمی تنظیم فیفا نے پہلے ویمنز کلب ورلڈ کپ کی میزبانی امریکا کو دینے کا اعلان کردیا ہے۔ خواتین کے کلب فٹبال کا یہ پہلا عالمی ٹورنامنٹ 5 سے 30 جنوری 2028 تک منعقد ہوگا، جس میں دنیا کی تمام 6 براعظمی کنفیڈریشنز کے 19 نمایاں کلب شرکت کریں گے۔
فیفا کے مطابق امریکا کو اس تاریخی ایونٹ کی میزبانی کے لیے اس کے بڑے فٹبال ٹورنامنٹس منعقد کرنے کے تجربے، جدید بنیادی ڈھانچے، دستیاب سہولتوں اور ملک میں خواتین کے فٹبال سے وابستہ اداروں اور متعلقہ فریقوں کی دلچسپی کو مدنظر رکھتے ہوئے منتخب کیا گیا ہے۔
عالمی تنظیم نے امریکا کے بڑے کھیلوں کے مقابلے منعقد کرنے کے تجربے کو بھی اہم قرار دیا، جس میں 2026 کے دوران مینز فٹبال ورلڈ کپ کی مشترکہ میزبانی بھی شامل ہے۔
فیفا کے مطابق پہلے ویمنز کلب ورلڈ کپ میں دنیا کے 6 براعظمی فٹبال کنفیڈریشنز کی نمائندگی کرنے والے مجموعی طور پر 19 کلب حصہ لیں گے۔
ٹورنامنٹ میں ایشین فٹبال کنفیڈریشن، افریقی فٹبال کنفیڈریشن، شمالی و وسطی امریکا کی تنظیم کونکاکاف اور جنوبی امریکا کی تنظیم کونمیبول سے تین تین کلب شرکت کریں گے۔
اوشیانا فٹبال کنفیڈریشن کی نمائندگی ایک ٹیم کرے گی، جبکہ یورپ کی 6 بہترین کلب ٹیمیں یوئیفا کی جانب سے مقابلوں میں حصہ لیں گی۔
فیفا کے مطابق اب تک 7 کلب اس تاریخی ٹورنامنٹ کے لیے کوالیفائی کرچکے ہیں۔
ان میں انگلینڈ کا آرسنل، میکسیکو کا کلب امریکا فیمینل، سپین کا بارسلونا، امریکا کا گوتھم ایف سی، شمالی کوریا کا نیگوہیانگ، برازیل کا کرنتھینز اور چین کا ووہان جیانگڈا شامل ہیں۔
فیفا کی چیف ویمنز فٹبال آفیسر سرائے بیئرمین نے کہا کہ یہ 7 کلب اور مزید 12 ٹیمیں مل کر دنیا بھر کے شائقین کو خواتین کے کلب فٹبال کی صلاحیت، معیار اور وسعت دکھانے کا موقع فراہم کریں گی۔
ان کے مطابق ٹورنامنٹ میں شرکت کرنے والے کلبوں کو اپنی کہانیاں دنیا کے سامنے پیش کرنے، اپنے مداحوں کی تعداد بڑھانے اور عالمی سطح پر اپنی نمائندگی کرنے کا موقع ملے گا۔
سرائے بیئرمین نے کہا کہ ان کلبوں نے اپنی کارکردگی کی بنیاد پر امریکا میں فٹبال کی تاریخ کا حصہ بننے کا موقع حاصل کیا ہے۔
فیفا نے ویمنز کلب ورلڈ کپ کے آغاز کو خواتین کے کلب فٹبال کی پیشہ ورانہ ترقی اور عالمی سطح پر توسیع کے لیے ایک اہم سنگ میل قرار دیا ہے۔
عالمی تنظیم کے مطابق یہ مقابلہ دنیا کے بہترین خواتین فٹبال کلبوں کو ہر 4 سال بعد ایک حقیقی عالمی پلیٹ فارم پر ایک دوسرے کے خلاف کھیلنے کا موقع فراہم کرے گا۔
واضح رہے کہ پہلے ویمنز کلب ورلڈ کپ کا انعقاد ابتدائی طور پر 2026 میں ہونا تھا، تاہم فیفا نے ٹورنامنٹ کو دو سال کے لیے مؤخر کردیا تھا۔
اس تبدیلی کا مقصد ایونٹ کو 2027 کے ویمنز فٹبال ورلڈ کپ کے بعد اور لاس اینجلس میں ہونے والے 2028 کے سمر اولمپکس سے پہلے مناسب وقت میں منعقد کرنا تھا۔
اب جنوری 2028 میں امریکا اس نئے عالمی ٹورنامنٹ کی میزبانی کرے گا، جس کے ذریعے مختلف براعظموں کی نمایاں خواتین کلب ٹیمیں پہلی مرتبہ فیفا کے اس مقابلے میں آمنے سامنے آئیں گی۔