انٹرٹینمنٹ - 07 مارچ 2026
جی ایچ کیو حملہ کیس: 47 اشتہاری ملزمان کو 10، 10 سال قید اور جرمانے کی سزا
پاکستان - 07 مارچ 2026
راولپنڈی کی انسداد دہشت گردی عدالت نے 9 مئی جی ایچ کیو حملہ کیس کا فیصلہ سناتے ہوئے 47 اشتہاری ملزمان کو 10، 10 سال قید کی سزا سنا دی۔
انسداد دہشت گردی عدالت کے جج امجد علی شاہ نے فیصلے میں ہر ملزم کو 5، 5 لاکھ روپے جرمانہ ادا کرنے اور ان کی جائیدادیں ضبط کرنے کا بھی حکم دیا۔
سزا پانے والوں میں عمر ایوب، زرتاج گل، مراد سعید، شبلی فراز، حماد اظہر، کنول شوذب اور راشد شفیق شامل ہیں جبکہ دیگر ملزمان میں شہباز گل، ذلفی بخاری، محمد احمد چٹھہ، رائے حسن نواز اور رائے محمد مرتضیٰ کے نام بھی شامل ہیں۔
عدالت کے مطابق ملزمان جی ایچ کیو گیٹ، حمزہ کیمپ اور آرمی میوزیم پر حملوں میں ملوث پائے گئے۔ جے آئی ٹی رپورٹ میں انہیں پرتشدد احتجاج کی منصوبہ بندی میں مرکزی کردار قرار دیا گیا۔
فیصلے کے مطابق 9 مئی کو جلاؤ گھیراؤ، توڑ پھوڑ، پولیس پر حملوں اور سرکاری املاک کو نقصان پہنچانے کے الزامات کے تحت مقدمہ درج کیا گیا تھا۔
اس مقدمے میں بانی پی ٹی آئی عمران خان اور شاہ محمود قریشی سمیت 118 ملزمان پر دسمبر 2024 میں فرد جرم عائد کی گئی تھی۔
عدالت کے مطابق استغاثہ کے اب تک 44 گواہان کے بیانات ریکارڈ ہو چکے ہیں۔
118 ملزمان میں سے 18 ٹرائل کے دوران مسلسل غیر حاضر رہے جبکہ 29 ملزمان مقدمہ درج ہونے کے بعد کبھی عدالت میں پیش نہیں ہوئے۔
انسداد دہشت گردی عدالت نے اشتہاری ملزمان کا علیحدہ ٹرائل مکمل ہونے کے بعد انہیں 10، 10 سال قید، 5، 5 لاکھ روپے جرمانہ اور جائیداد ضبط کرنے کی سزا سنائی۔
یہ مقدمہ تھانہ آر اے بازار میں درج کیا گیا تھا۔
دیکھیں

