انٹرٹینمنٹ - 07 مارچ 2026
افغانستان میں شہریوں کا تحفظ اولین ترجیح، کارروائیوں میں صرف دہشت گردوں کو نشانہ بنایا جاتا ہے: پاکستان
پاکستان - 07 مارچ 2026
پاکستان نے اقوام متحدہ کے مشن برائے افغانستان (یوناما) کی حالیہ رپورٹ پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس میں شامل زیادہ تر معلومات افغان طالبان حکام کے مؤقف پر مبنی دکھائی دیتی ہیں جس سے رپورٹ کے توازن اور درستگی پر سوالات پیدا ہوتے ہیں۔
پاکستان کے مطابق رپورٹ میں آزاد اور قابلِ اعتماد ذرائع سے تصدیق شدہ معلومات کو خاطر خواہ اہمیت نہیں دی گئی۔
پاکستان نے کہا کہ افغانستان میں طالبان حکومت مختلف دہشت گرد گروہوں کے ساتھ روابط رکھتی ہے اور افغان سرزمین کو پاکستان کے خلاف دہشت گردی کے لیے استعمال ہونے دیا جا رہا ہے جس کے نتیجے میں پاکستان میں کئی شہری اور سکیورٹی اہلکار شہید ہو چکے ہیں۔
پاکستان نے کہا کہ اس مسئلے کے حل کے لیے دوست ممالک کی ثالثی سے کئی سفارتی کوششیں بھی کی گئیں، تاہم تاحال کوئی مثبت پیش رفت نہیں ہو سکی۔
پاکستان نے واضح کیا کہ افغان طالبان حکومت کو فیصلہ کرنا ہوگا کہ وہ پاکستان کے ساتھ تعلقات کو ترجیح دیتی ہے یا دہشت گرد تنظیموں کو پناہ دیتی ہے۔
بیان میں کہا گیا کہ پاکستان کی مسلح افواج کی جانب سے کیے جانے والے انسداد دہشت گردی آپریشن انتہائی درستگی اور پیشہ ورانہ مہارت کے ساتھ مستند انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر کیے جاتے ہیں اور ان میں شہریوں کے تحفظ کو اولین ترجیح دی جاتی ہے۔
پاکستان کے مطابق کارروائیاں دہشت گردوں کے ان ٹھکانوں پر کی جاتی ہیں جو آبادی سے کافی فاصلے پر ہوتے ہیں، حتیٰ کہ حساس علاقوں جیسے کابل کے گرین زون سے بھی دور مقامات کو نشانہ بنایا جاتا ہے۔
پاکستان نے یہ تشویش بھی ظاہر کی کہ افغان طالبان دہشت گرد عناصر کو پناہ فراہم کر رہے ہیں جس سے وہ محفوظ پناہ گاہیں قائم کر کے ایسی سرگرمیاں جاری رکھے ہوئے ہیں جو خطے کے امن اور پاکستان کی قومی سلامتی کے لیے خطرہ ہیں۔
بیان میں میرانشاہ میں ہونے والے ایک ہولناک دہشت گرد حملے کا بھی حوالہ دیا گیا جس میں معصوم شہریوں اور بچوں کو نقصان پہنچا۔ پاکستان نے امید ظاہر کی کہ اقوام متحدہ کا مشن ایسے واقعات کو بھی غیر جانبداری اور سنجیدگی سے رپورٹ کرے گا۔
پاکستان نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ وہ دہشت گردی کے خلاف اقدامات کے لیے اقوام متحدہ اور عالمی شراکت داروں کے ساتھ تعمیری تعاون جاری رکھے گا تاکہ خطے میں امن و استحکام کو یقینی بنایا جا سکے۔
دیکھیں

