سعودی عرب کی پہلی بار ایران کو جوابی کارروائی کی وارننگ: برطانوی میڈیا

news-banner

دنیا - 08 مارچ 2026

ریاض: مشرقِ وسطیٰ میں بڑھتی کشیدگی کے دوران سعودی عرب نے پہلی بار ایران کو براہِ راست جوابی کارروائی کی وارننگ دی ہے اور کہا ہے کہ اگر مملکت یا اس کی توانائی تنصیبات کو نشانہ بنایا گیا تو سخت ردعمل دیا جائے گا۔

 

برطانوی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق سعودی حکام نے تہران کو پیغام دیا ہے کہ ریاض اب بھی ایران اور امریکا کے درمیان جاری تنازع کا سفارتی حل چاہتا ہے، تاہم مملکت کی سلامتی یا آئل تنصیبات پر حملے برداشت نہیں کیے جائیں گے۔

 

ذرائع کا کہنا ہے کہ خلیجی ممالک نے اب تک ایران کے خلاف کارروائیوں کے لیے امریکا کو اپنی فضائی حدود استعمال کرنے کی اجازت نہیں دی، لیکن اگر خطے میں کشیدگی برقرار رہی تو سعودی عرب امریکی افواج کو اپنے فوجی اڈے استعمال کرنے کی اجازت دینے پر غور کر سکتا ہے۔

 

دوسری جانب ایران کا مؤقف ہے کہ اس کی کارروائیوں کا ہدف خلیجی ممالک نہیں بلکہ خطے میں موجود امریکی مفادات اور فوجی اہداف ہیں۔

 

 تہران نے مطالبہ کیا ہے کہ مشرقِ وسطیٰ میں قائم امریکی فوجی اڈوں کو بند کیا جائے۔

 

رپورٹ کے مطابق امریکا اور اسرائیل کی جانب سے 28 فروری کو ایران کے خلاف شروع ہونے والی فوجی کارروائیوں کے بعد سعودی عرب سفارتی ذرائع کے ذریعے مسلسل تہران سے رابطے میں ہے۔

 

اب تک اس رپورٹ پر سعودی عرب یا ایران کی جانب سے باضابطہ ردعمل سامنے نہیں آیا، جس کے باعث خطے کی صورتحال غیر یقینی دکھائی دے رہی ہے۔