پاکستان سٹاک مارکیٹ میں 9700 پوائنٹس کی کمی، کاروبار عارضی طور پر روک دیا گیا

news-banner

کاروبار - 09 مارچ 2026

کراچی: ایران میں جاری تنازع کے اثرات عالمی سٹاک مارکیٹس پر واضح ہونے لگے ہیں، پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں شدید مندی کے باعث کاروبار عارضی طور پر روک دیا گیا۔

 

کاروباری ہفتے کے پہلے دن ہی مارکیٹ میں شدید کمی دیکھی گئی۔ پاکستان اسٹاک ایکسچینج کا ہنڈرڈ انڈیکس 9780 پوائنٹس کی کمی کے بعد 147,715 پوائنٹس پر پہنچ گیا، جس کے بعد ایک گھنٹے کے لیے کاروبار معطل کر دیا گیا۔

 

گزشتہ کاروباری ہفتے کے اختتام پر انڈیکس 157,496 پوائنٹس پر بند ہوا تھا۔

 

مشرق وسطیٰ میں کشیدگی کے اثرات ایشیائی مارکیٹس پر بھی پڑے ہیں۔ 

 

جاپان کا نکئی انڈیکس تقریباً 7 فیصد گر گیا، جنوبی کوریا کا کوسپی تقریباً 7 فیصد کم ہوا، ہانگ کانگ کا ہینگ سینگ انڈیکس 2.5 فیصد سے زائد کم ہوا، جبکہ بھارت کا نفٹی انڈیکس تقریباً 3 فیصد گر گیا۔

 

اس کے علاوہ جرمنی، برطانیہ اور یورو سٹاکس میں 1 فیصد سے زائد کمی دیکھی گئی، جبکہ امریکی اسٹاک مارکیٹ میں بھی تقریباً 1 فیصد کی مندی ریکارڈ ہوئی۔