تازہ ترین - 09 مارچ 2026
مجتبیٰ خامنہ ای کی قیادت میں اسرائیل پر میزائل حملے، لبنان میں جھڑپیں، متعدد شہری جاں بحق
دنیا - 09 مارچ 2026
ایرانی سرکاری نشریاتی ادارے کے مطابق ایران نے اپنے نئے سپریم لیڈر مجتبیٰ خامنہ ای کی قیادت میں پہلی مرتبہ اسرائیل کی جانب میزائل داغے۔
جاری کردہ تصاویر میں ایک میزائل پر ’’لبیک سید مجتبیٰ‘‘ لکھا ہوا دکھایا گیا۔
ادھر اسرائیلی فوج نے مشرقی لبنان میں زمینی کارروائی شروع کرتے ہوئے علاقے میں فوج اتار دی، جس کے بعد لبنانی افواج اور حزب اللہ کے ساتھ شدید جھڑپیں ہوئیں۔
تنظیم نے دعویٰ کیا کہ اس نے ایک اسرائیلی فوجی ہیلی کاپٹر تباہ کر دیا ہے۔ اسرائیل کی جانب سے بیروت کے نواحی علاقے الغبیری پر حملوں کے نتیجے میں متعدد شہری جاں بحق اور زخمی ہوئے۔
اس دوران سعودی عرب نے ایران کو خبردار کیا کہ اگر حملے جاری رہے تو اس کے نتائج تہران کے لیے نقصان دہ ہوں گے۔
سعودی وزارت خارجہ نے خلیجی اور عرب ممالک پر حملوں کی شدید مذمت بھی کی۔
بحرین کی سرکاری خبر رساں ایجنسی کے مطابق دارالحکومت کے قریب ڈرون حملے میں کم از کم 32 افراد زخمی ہوئے جن میں ایک 17 سالہ لڑکی اور دو ماہ کا بچہ بھی شامل ہیں، جبکہ چار افراد کی حالت تشویشناک بتائی گئی ہے۔
دوسری جانب متحدہ عرب امارات نے دعویٰ کیا ہے کہ ایران کی جانب سے اب تک 1400 سے زائد ڈرون حملے کیے گئے ہیں، جن میں شہری ہلاکتیں بھی ہوئی ہیں اور اسے بین الاقوامی قانون کی خلاف ورزی قرار دیا گیا ہے۔
عمان کے وزیر خارجہ نے عرب لیگ کے ہنگامی اجلاس میں اسرائیل اور امریکا کی ایران کے خلاف کارروائی کو غیر اخلاقی اور غیر قانونی قرار دیتے ہوئے تمام فریقین سے جنگ بندی اور سفارتی مذاکرات کی طرف واپس آنے کی اپیل کی۔
اسی دوران سکیورٹی خدشات کے باعث امریکی محکمہ خارجہ نے غیر ضروری امریکی عملے اور ان کے اہل خانہ کو سعودی عرب چھوڑنے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔
دیکھیں

