اسلاموفوبیا صرف مسلمانوں نہیں بلکہ انسانی اقدار پر حملہ ہے: بلاول بھٹو زرداری

news-banner

پاکستان - 15 مارچ 2026

کراچی: چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی اور سابق وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ دنیا بھر میں مسلمانوں کے خلاف نفرت، تعصب اور امتیازی رویوں کے خاتمے کیلئے مشترکہ عالمی کوششوں کی ضرورت ہے۔

 

اسلاموفوبیا کے خلاف عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ اسلاموفوبیا صرف مسلمانوں کے وقار اور حقوق کو ہی متاثر نہیں کرتا بلکہ یہ مجموعی انسانی اقدار پر بھی حملہ ہے۔

 

 ان کے مطابق اسلاموفوبیا رواداری، بقائے باہمی اور مختلف مذاہب و ثقافتوں کے درمیان احترام جیسے عالمی اصولوں کیلئے سنگین خطرہ بن چکا ہے۔

 

انہوں نے کہا کہ عالمی برادری کو بڑھتی ہوئی عدم برداشت کا مقابلہ کرنے اور مذہبی آزادی کے تحفظ کو یقینی بنانے کیلئے عملی اقدامات کرنا ہوں گے۔ 

 

ان کا کہنا تھا کہ مختلف مذاہب اور ثقافتوں کے درمیان مکالمے اور باہمی سمجھ بوجھ کو فروغ دینا وقت کی اہم ضرورت ہے۔

 

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ اسلام کی تعلیمات امن، رحم دلی اور انصاف پر مبنی ہیں اور انہیں نفرت یا تعصب کے ذریعے مسخ نہیں کیا جا سکتا۔

 

 انہوں نے زور دیا کہ دنیا کو ایسے معاشروں کے قیام کیلئے مشترکہ طور پر کام کرنا چاہیے جو احترام، ہم آہنگی اور مساوات کی بنیاد پر قائم ہوں۔

 

انہوں نے مزید کہا کہ ایسے معاشروں کی تشکیل ضروری ہے جہاں تمام مذاہب کے ماننے والے عزت، وقار اور مکمل تحفظ کے ساتھ زندگی گزار سکیں۔