دنیا - 15 مارچ 2026
کوہاٹ: سی ٹی ڈی اور پولیس کا خفیہ اطلاع پر آپریشن، 6 دہشت گرد ہلاک
پاکستان - 15 مارچ 2026
کوہاٹ: سی ٹی ڈی اور کوہاٹ پولیس نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے دہشت گردوں کے خلاف آپریشن کیا جس کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں 6 دہشت گرد مارے گئے۔
ڈی پی او کوہاٹ شہباز الہٰی کے مطابق سی ٹی ڈی اور پولیس کو خفیہ اطلاع موصول ہوئی تھی کہ تھانہ لاچی کے مختلف علاقوں میں دہشت گرد موجود ہیں اور کسی بڑی کارروائی کی منصوبہ بندی کر رہے ہیں۔
اطلاع ملنے کے بعد سی ٹی ڈی اور پولیس کی بھاری نفری نے مشترکہ سرچ اینڈ اسٹرائیک آپریشن شروع کیا۔
کارروائی کے دوران دہشت گردوں نے پولیس کو دیکھتے ہی فائرنگ شروع کر دی جس پر پولیس اور سی ٹی ڈی اہلکاروں نے فوری جوابی کارروائی کی۔
فائرنگ کے تبادلے میں 6 دہشت گرد ہلاک ہو گئے۔
حکام کے مطابق کارروائی کے بعد دہشت گردوں کے قبضے سے اسلحہ بھی برآمد کیا گیا ہے جبکہ علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن جاری رکھا گیا ہے۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے لاچی، کوہاٹ میں خوارجی عناصر کے خلاف کامیاب آپریشن پر پولیس اور سی ٹی ڈی کو خراج تحسین پیش کیا اور خیبرپختونخوا پولیس اور سی ٹی ڈی کی پیشہ ورانہ مہارت کو سراہا۔
محسن نقوی نے کہا کہ فتنہ الخوارج کے 6 دہشت گردوں کو ہلاک کرنے پر پولیس اور سی ٹی ڈی کے بہادر اہلکاروں کو سلام پیش کرتا ہوں۔
انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا پولیس اور سی ٹی ڈی کے جوانوں کی بہادری قابل فخر ہے اور صوبے میں امن کے قیام کیلئے ان کی کارروائیاں قابل تعریف ہیں۔
دیکھیں

