پاکستان - 17 مارچ 2026
ایران پر جنگ کا 17واں روز، یورپی یونین کا انکار، بغداد میں امریکی سفارتخانہ دوبارہ نشانہ
دنیا - 17 مارچ 2026
ایران پر جاری جنگ سترہویں روز میں داخل ہو گئی ہے اور خطے میں کشیدگی میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔
تہران میں کئی دھماکوں کی آوازیں سنی گئیں جبکہ ایران کے جوابی حملوں سے اسرائیل میں بڑے پیمانے پر تباہی ہوئی۔
بغداد میں امریکی سفارتخانہ پر ایک بار پھر راکٹ اور ڈرون حملہ کیا گیا، جسے عراقی ذرائع نے جنگ کے آغاز کے بعد سب سے شدید حملوں میں سے ایک قرار دیا۔
اس سے قبل سفارتخانے کی جانب سے سکیورٹی الرٹ بھی جاری کیا گیا تھا۔
دوسری جانب یورپی یونین نے ڈونلڈ ٹرمپ کی آبنائے ہرمز میں کارروائی کے لیے مدد کی درخواست مسترد کر دی، جبکہ جاپان، برطانیہ اور فرانس سمیت دیگر ممالک بھی پہلے ہی انکار کر چکے ہیں۔
یورپی یونین نے کشیدگی کم کرنے کے لیے سفارتی حل کو ترجیح دی ہے۔
ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی نے واضح کیا ہے کہ آبنائے ہرمز دشمنوں کے لیے بند رہے گی اور امریکا کے ساتھ نہ مذاکرات ہوں گے اور نہ ہی جنگ بندی پر بات چیت۔
جبکہ علی لاریجانی نے مسلم ممالک کی جانب سے حمایت نہ ملنے پر افسوس کا اظہار کیا۔
متحدہ عرب امارات میں ابوظبی کے گیس فیلڈ پر ڈرون حملہ کیا گیا تاہم حکام کے مطابق آگ پر قابو پا لیا گیا۔
اطلاعات کے مطابق جنگ کے آغاز سے اب تک ایران کی جانب سے امارات پر 1900 سے زائد میزائل اور ڈرون حملے کیے جا چکے ہیں۔
اسرائیل کے شہروں تل ابیب اور بیت شمیش پر ایرانی میزائل حملوں سے عمارتیں اور گاڑیاں تباہ ہو گئیں، آگ بھڑک اٹھی اور متعدد افراد زخمی ہوئے، جبکہ ہلاکتوں کی تعداد کم از کم 15 بتائی جا رہی ہے۔
ادھر تہران میں سعد آباد محل کے قریب بھی زور دار دھماکوں کی آوازیں سنی گئیں، تاہم ان کی نوعیت واضح نہیں ہو سکی، جبکہ اس سے قبل شیراز اور کاراج سمیت دیگر شہروں پر بھی حملوں کی اطلاعات سامنے آئی تھیں۔
دیکھیں

