دنیا - 24 مارچ 2026
’’رنگ نہیں صلاحیت اہم ہے‘‘؛ فہد مصطفیٰ کا سانولی رنگت والوں کے لیے پیغام
انٹرٹینمنٹ - 24 مارچ 2026
پاکستان شوبز انڈسٹری کے معروف اداکار، پروڈیوسر اور میزبان فہد مصطفیٰ نے رنگت کے حوالے سے پائے جانے والے تعصبات پر کھل کر بات کرتے ہوئے ایک حوصلہ افزا پیغام دیا ہے۔
فہد مصطفیٰ، جو ’’جیتو پاکستان‘‘ کی کامیاب میزبانی اور متعدد ڈراموں و فلموں کی بدولت شہرت رکھتے ہیں، حال ہی میں وسیم بادامی کے شو میں بطور مہمان شریک ہوئے اور اپنی نئی فلم ’’آگ لگے بستی میں‘‘ کی تشہیر کے ساتھ کیریئر اور انڈسٹری سے متعلق موضوعات پر گفتگو کی۔
شو کے دوران جب ان سے سوال کیا گیا کہ شوبز میں ہیرو یا ہیروئن بننے کے لیے گوری رنگت ضروری ہے، تو انہوں نے کہا کہ وہ خود گورے نہیں ہیں، اس کے باوجود انہوں نے کامیابی حاصل کی، اس لیے رنگت اب کوئی معنی نہیں رکھتی۔
فہد مصطفیٰ نے مزید کہا کہ آج کے دور میں صلاحیت اور محنت کو زیادہ اہمیت دی جاتی ہے۔
انہوں نے صنم سعید، صبا قمر، احمد علی اکبر اور سجل علی جیسے فنکاروں کی مثال دیتے ہوئے کہا کہ یہ سب اپنی قابلیت کی بدولت کامیاب ہیں، نہ کہ رنگت کی وجہ سے۔
ان کا کہنا تھا کہ دنیا بھر میں ہر طرح کے چہروں اور رنگت والے افراد اداکاری کے میدان میں نمایاں مقام حاصل کر رہے ہیں اور ان کی سانولی رنگت نے کبھی کامیابی کے راستے میں رکاوٹ نہیں ڈالی۔
یہ بیان شوبز میں رنگت کے تعصب کے خلاف ایک مضبوط پیغام کے طور پر دیکھا جا رہا ہے اور نوجوانوں کے لیے یہ ایک حوصلہ افزا مثال ہے کہ کامیابی ظاہری رنگت سے نہیں بلکہ صلاحیت سے حاصل ہوتی ہے۔
یاد رہے کہ فہد مصطفیٰ پر گوری رنگت حاصل کرنے کے لیے وائٹننگ انجیکشن لگانے پر تنقید بھی ہوتی رہی ہے۔
دیکھیں

