تازہ ترین - 25 مارچ 2026
اسرائیل کا بوشہر نیوکلیئر پاور پلانٹ پر حملہ، ایران کا تل ابیب پر جوابی میزائل حملہ؛ 12 افراد زخمی، کشیدگی میں اضافہ
دنیا - 25 مارچ 2026
اسرائیل اور ایران کے درمیان کشیدگی میں خطرناک اضافہ ہو گیا ہے، جہاں اسرائیل نے ایران کے بوشہر نیوکلیئر پاور پلانٹ کو نشانہ بنایا، جس کے جواب میں ایران نے تل ابیب اور وسطی اسرائیل پر میزائل حملے کیے، جن کے نتیجے میں کم از کم 12 افراد زخمی ہو گئے۔
اسرائیلی ہنگامی سروس کے مطابق بنی براک میں 9 افراد زخمی ہوئے جنہیں ہسپتال منتقل کیا گیا، ایک 23 سالہ نوجوان کی حالت درمیانی نوعیت کی ہے جبکہ دیگر افراد معمولی زخمی ہوئے۔
قریبی علاقے گیوات شموئیل میں بھی 3 افراد زخمی ہوئے۔ حملوں کے باعث عمارتوں کو شدید نقصان پہنچا اور رہائشی علاقوں میں تباہی دیکھنے میں آئی۔
اسرائیلی فوج کے مطابق ایرانی میزائل حملوں کے دوران 12 الرٹس جاری کیے گئے۔
دوسری جانب ایران کی جوہری توانائی تنظیم نے تصدیق کی کہ بوشہر نیوکلیئر پلانٹ کے احاطے میں ایک پروجیکٹائل گرا تاہم کسی جانی یا تکنیکی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔
انٹرنیشنل اٹامک انرجی ایجنسی نے بھی حملے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ پُرامن نیوکلیئر تنصیبات پر حملے بین الاقوامی قانون کی صریح خلاف ورزی ہیں اور اس کے علاقائی سلامتی پر سنگین اثرات مرتب ہو سکتے ہیں۔
ادھر اسرائیلی فوج نے واضح کیا ہے کہ ایران اور لبنان میں اس کی کارروائیاں کسی بھی ممکنہ مذاکرات کے باوجود جاری رہیں گی۔
بیروت کے جنوبی علاقوں میں رہائشیوں کو انخلا کی وارننگ بھی دی گئی ہے، جہاں حزب اللہ کے انفراسٹرکچر کو نشانہ بنانے کا عندیہ دیا گیا ہے۔
اقوام متحدہ میں اسرائیل کے سفیر نے کہا ہے کہ اسرائیل اس ہفتے امریکا اور ایران کے درمیان کسی بھی ممکنہ مذاکرات میں شامل نہیں ہوگا، جبکہ امریکا اور اسرائیل کی مشترکہ کارروائیاں جاری رہیں گی۔
دیکھیں

