بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو پاسپورٹ کا جلد اجراء اولین ترجیح ہے: محسن نقوی

news-banner

پاکستان - 25 مارچ 2026

اسلام آباد: وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے لیے پاسپورٹ کا جلد اجراء اولین ترجیح ہے۔

 

محسن نقوی اور وفاقی وزیر اوورسیز پاکستانیز سالک حسین کی زیر صدارت ایک خصوصی اجلاس ہوا، جس میں اسپین میں مقیم پاکستانیوں کے لیے اسپینش ریذیڈنٹ کارڈ کے حصول سے متعلق پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔ 

 

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ سپین میں غیر قانونی تارکین وطن کو قانونی حیثیت دینے کے لیے رجسٹریشن شروع کرنے سے پہلے پاکستانیوں کو پاسپورٹ اور دیگر ضروری کاغذات ایک ہفتے کے اندر جاری کیے جائیں گے۔

 

وفاقی وزیر اوورسیز پاکستانیز سالک حسین نے کہا کہ اس اسکیم سے تقریبا 15 ہزار پاکستانی مستفید ہوں گے اور انہوں نے اسپین میں مقیم پاکستانیوں کو بھرپور سپورٹ فراہم کرنے پر وزیر داخلہ کا شکریہ ادا کیا۔

 

محسن نقوی نے ہدایت دی کہ کسی بھی مجرم یا مطلوب ملزم کو پاسپورٹ جاری نہ کیا جائے اور سفارت خانوں کو پاسپورٹ سیکشن کے لیے اضافی عملہ فوری فراہم کیا جائے۔

 

 انہوں نے نیشنل پولیس بیورو سے کہا کہ کریکٹر سرٹیفکیٹ کی تصدیق کو آسان اور تیز بنایا جائے۔

 

وزیر داخلہ نے کہا کہ پولیس کریکٹر سرٹیفکیٹس ترجیحی بنیادوں پر جاری کیے جا رہے ہیں، اور اسپین میں پاکستان کے سفیر ڈاکٹر ظہور احمد اور قونصل جنرل بارسلونا نے وفاقی وزیر داخلہ کو تفصیلی بریفنگ دی۔