تازہ ترین - 29 مارچ 2026
جنگ کا 30 واں روز: ایران کا 500 امریکی فوجیوں کے ہلاک و زخمی ہونے اور ایف 16 طیارہ گرانے کا دعویٰ
دنیا - 29 مارچ 2026
مشرق وسطیٰ میں جاری جنگ 30 ویں روز میں داخل ہو گئی ہے، ایران کے پاسداران انقلاب نے دعویٰ کیا ہے کہ حالیہ حملوں میں 500 امریکی فوجی ہلاک یا زخمی ہوئے جبکہ ایک ایف 16 طیارہ بھی مار گرایا گیا۔
اسرائیل کی جانب سے لبنان اور ایران میں شہری علاقوں پر حملے جاری ہیں۔
ایرانی حکام کے مطابق جنوبی فارس میں ایک امریکی ایف 16 طیارہ اس وقت مار گرایا گیا جب وہ سعودی ایئر بیس کی جانب جا رہا تھا۔
پاسداران انقلاب کا کہنا ہے کہ خطے میں امریکی اور اسرائیلی صنعتی تنصیبات کو بھی نشانہ بنایا گیا ہے اور مزید حملوں کی صورت میں سخت ردعمل دیا جائے گا۔
مزید بتایا گیا کہ حیفہ میں اسٹریٹجک الیکٹرانک وار فیئر سینٹر اور بن گوریون ایئر بیس پر ایندھن کے ذخائر کو نشانہ بنایا گیا۔
روس نے ایران کی پرامن جوہری تنصیبات پر حملوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ اس سے تابکاری کے خطرات بڑھ سکتے ہیں۔
روسی وزارت خارجہ کی ترجمان ماریہ زاخارووا نے بوشہر نیوکلیئر پاور پلانٹ جیسے مقامات پر حملوں کو نہایت خطرناک قرار دیا۔
یمن کے حوثی گروہ نے جنوبی اسرائیل پر کروز میزائلوں اور ڈرونز کے ذریعے ایک اور حملے کی تصدیق کی ہے، جس میں اہم فوجی تنصیبات کو نشانہ بنایا گیا۔
گروہ کا کہنا ہے کہ یہ کارروائیاں ایران اور حزب اللہ کے ساتھ مل کر کی گئیں اور مزید حملے بھی کیے جائیں گے۔
امریکی سینٹرل کمانڈ کے مطابق گزشتہ ایک ماہ کے دوران ایران میں 11 ہزار سے زائد اہداف کو نشانہ بنایا گیا جبکہ 150 سے زائد ایرانی طیاروں کو تباہ یا نقصان پہنچایا گیا۔
رپورٹس کے مطابق امریکا ایران کے ساحلی علاقوں بشمول خارگ جزیرے پر ممکنہ زمینی کارروائی کی تیاری کر رہا ہے، جس میں خصوصی دستے اور روایتی فوج شامل ہو سکتی ہے، تاہم صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے حتمی منظوری ابھی واضح نہیں۔
ایرانی میڈیا کے مطابق ایران این پی ٹی سے علیحدگی پر غور کر رہا ہے اور حکام کا کہنا ہے کہ اس معاہدے میں رہنے کا جواز باقی نہیں رہا۔
پاسداران انقلاب نے خبردار کیا ہے کہ انتقامی کارروائی میں خطے میں امریکی اور اسرائیلی جامعات کو بھی نشانہ بنایا جا سکتا ہے اور شہریوں کو ان اداروں سے دور رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
امریکا میں صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے خلاف جنگ کے خلاف بڑے پیمانے پر مظاہرے جاری ہیں جن میں تقریباً 70 لاکھ افراد نے شرکت کی۔
نیویارک میں اداکار رابرٹ ڈی نیرو نے بھی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے حکومت کو تنقید کا نشانہ بنایا۔
ایرانی ہلال احمر کے مطابق امریکی اور اسرائیلی حملوں کے نتیجے میں ایران میں 93 ہزار سے زائد شہری املاک تباہ ہو چکی ہیں جن میں مکانات، تجارتی عمارتیں، سکول اور طبی مراکز شامل ہیں۔
دیکھیں

