پاکستان کے ذریعے مذاکرات میں پیشرفت، ایرانی تیل پر قبضہ کرنے کا امکان: ٹرمپ

news-banner

دنیا - 30 مارچ 2026

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ پاکستان کے ذریعے ایران کے ساتھ مذاکرات میں پیشرفت ہو رہی ہے اور امریکا ایرانی تیل پر قبضہ کر کے خارگ جزیرہ پر کنٹرول حاصل کر سکتا ہے۔

 

صدر ٹرمپ نے طیارے میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ایران کے ساتھ معاہدہ جلد ممکن ہے اور ہم براہ راست اور بالواسطہ بات چیت کر رہے ہیں۔

 

 انہوں نے بتایا کہ ایران نے کئی پاکستانی پرچم بردار جہازوں کو آبنائے ہرمز سے گزرنے کی اجازت دی ہے اور اب وہاں سے گزرنے والے جہازوں کی تعداد 20 ہو گئی ہے۔

 

فنانشنل ٹائمز سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ امریکا نے ایران میں 13 ہزار اہداف پر بمباری کی ہے اور تقریباً 3 ہزار اہداف باقی ہیں۔

 

 ٹرمپ کا کہنا تھا کہ ان کا پسندیدہ آپشن ایرانی تیل پر قبضہ کرنا ہے اور خارگ پر ایرانی برآمدی مرکز پر کنٹرول حاصل کیا جا سکتا ہے، انہیں یقین ہے کہ ایرانی دفاع محدود ہے۔

 

صدر نے مزید کہا کہ ایران میں رجیم چینج پہلے ہی ہو چکا ہے، پچھلی حکومتیں ختم ہو چکی ہیں اور نئی حکومتیں مکمل طور پر مختلف گروہوں پر مشتمل ہیں۔

 

 ٹرمپ نے کہا کہ یہ اقدامات کافی معقول ہیں اور ان کا خیال ہے کہ ایرانی تیل پر قبضہ کرنا بہترین آپشن ہے، حالانکہ امریکا میں کچھ لوگ اس کی مخالفت کرتے ہیں۔