شاہراہِ فیصل پر نرسری فرنیچر مارکیٹ بھی بارش کے پانی میں ڈوب گئی، موٹر سائیکل نالے میں گر گئی

news-banner

پاکستان - 02 اپریل 2026

کراچی میں موسلا دھار بارش کے بعد شارعِ فیصل کے قریب نرسری فرنیچر مارکیٹ پانی میں ڈوب گئی۔ 

 

اسی دوران نالے میں ایک موٹر سائیکل گر گئی، جسے شہریوں نے اپنی مدد آپ کے تحت نکالا۔

 

ٹیپو سلطان روڈ اور دیگر علاقوں میں بھی بارش کا پانی جمع ہوگیا، جس سے شہریوں کی آمد و رفت متاثر ہوئی۔ 

 

ٹریفک پولیس نے پنجاب کالونی جانے والے سب مرین انڈر پاس کو چھوٹی گاڑیوں کے لیے کھول دیا ہے۔

 

بارش اور حادثات کے دوران شہر کے مختلف علاقوں میں چھ افراد جاں بحق اور تین زخمی ہوئے۔

 

 پرانے گولیمار میں گھر کی دیوار رکشے پر گرنے سے رکشہ ڈرائیور جاں بحق ہوا، اورنگی ٹاؤن میں دیوار گرنے سے تین بچے زخمی ہوئے۔

 

نیو کراچی حسن بروہی گوٹھ میں گھر میں کرنٹ لگنے سے ایک شخص ہلاک ہوا، پی آئی بی کالونی کوئٹہ ہوٹل کے قریب کرنٹ لگنے سے ایک شخص چل بسا۔ 

 

سرجانی سیکٹر سیون اے میں گھر میں کرنٹ لگنے سے ایک بچی جاں بحق ہوئی، جبکہ ایم اے جناح روڈ سیون ڈے اسپتال کے قریب کرنٹ سے ایک شخص ہلاک ہوا۔

 

حسین آباد میں کریم آباد انڈر پاس کے قریب ایک گاڑی نالے میں گر گئی، تاہم حادثے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ 

 

امیرخسرو روڈ پر بارش اور تیز ہوا کے باعث درخت گر گیا، جس سے دو گاڑیوں کو نقصان پہنچا۔