پاکستان - 08 اپریل 2026
ٹرمپ نے ایرانی وزیر خارجہ کا بیان اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر شیئر کیا
تازہ ترین - 08 اپریل 2026
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دو ہفتے کی جنگ بندی پر جہاں اپنی کامیابی کے ڈھنڈورے پیٹے تو وہیں انہوں نے ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی کا سرکاری بیان بھی اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ ٹروتھ سوشل پر شیئر کیا۔
جس میں انہوں نے شہباز شریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر کو کامیاب سفارتکاری اور مشرق وسطیٰ کو بحران سے بچانے میں اہم کردار ادا کرنے پر زبردست خراج تحسین پیش کیا۔
ٹروتھ سوشل پر صدر ٹرمپ کے اکاؤنٹ سے شیئر ہونے والے اس بیان میں ایرانی وزیر خارجہ سید عباس عراقچی نے پاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر کی خطے میں جنگ کے خاتمے کے لیے کوششوں کو سراہتے ہوئے ان کا شکریہ ادا کیا۔
بیان کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف کی درخواست اور امریکہ کی جانب سے 15 نکاتی مذاکراتی تجویز کے تناظر میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے ایران کی 10 نکاتی تجویز کو مذاکرات کی بنیاد کے طور پر قبول کرنے کے اعلان کے بعد ایران نے یہ مؤقف اختیار کیا ہے۔
ایران نے واضح کیا ہے کہ اگر اس کے خلاف حملے بند کیے جاتے ہیں تو اس کی مسلح افواج دفاعی کارروائیاں روک دیں گی۔
مزید یہ کہ دو ہفتوں کے لیے آبنائے ہرمز سے محفوظ گزرگاہ ایران کی مسلح افواج کے ساتھ رابطہ اور تکنیکی حدود کو مدنظر رکھتے ہوئے ممکن ہوگی۔
ایران کے مطابق یہ اقدامات خطے میں کشیدگی کم کرنے اور مذاکرات کے ذریعے مسائل کے حل کی جانب ایک قدم ہیں۔
دیکھیں

