او آئی سی نے امریکا اور ایران کے درمیان جنگ بندی معاہدے کا خیرمقدم کیا

news-banner

دنیا - 08 اپریل 2026

اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) نے امریکا اور ایران کے درمیان عارضی جنگ بندی معاہدے کا خیرمقدم کرتے ہوئے اسے خطے میں کشیدگی کم کرنے کی جانب ایک مثبت اور اہم پیشرفت قرار دیا ہے۔

 

او آئی سی کے جنرل سیکریٹریٹ کے بیان کے مطابق، یہ جنگ بندی خطے میں سنجیدہ مذاکرات کے آغاز کا اہم موقع فراہم کرتی ہے، جس سے بحران کی بنیادی وجوہات کو حل کرنے اور مستقل و جامع امن کی راہ ہموار کرنے میں مدد مل سکتی ہے۔

 

بیان میں زور دیا گیا کہ تمام فریق بین الاقوامی قوانین، ریاستی خودمختاری، ہمسایہ ممالک کے باہمی احترام، اور آزادانہ بحری آمدورفت کے اصولوں کی پاسداری یقینی بنائیں تاکہ دوبارہ کشیدگی پیدا نہ ہو اور علاقائی سلامتی و استحکام مضبوط ہو۔

 

او آئی سی نے رکن ممالک کی کشیدگی کم کرنے کی سفارتی کوششوں کو سراہا، خاص طور پر پاکستان کے مؤثر کردار کو نمایاں کیا۔ 

 

وزیراعظم شہباز شریف کی کوششوں کو معاہدے تک پہنچنے میں اہم قرار دیا گیا اور ان کی سفارتی کاوشوں کو قابل قدر قرار دیا گیا۔

 

او آئی سی نے کہا کہ یہ جنگ بندی خطے میں امن، استحکام اور تعاون کو فروغ دینے کا اہم موقع ہے، جسے مستقل امن کے قیام کے لیے مؤثر مذاکرات میں تبدیل کرنا ضروری ہے۔