نامناسب تعلق قائم کرنے اورظاہر نہ کرنے کا اعتراف، نیوزی لینڈ کی فوج کے سربراہ مستعفیٰ
نیوزی لینڈ کے فوجی سربراہ ایئر مارشل ٹونی ڈیویز نے ایک فوجی یونٹ کی کمان کے دوران نامناسب تعلق قائم کرنے اور اسے ظاہر نہ کرنے کا اعتراف کرتے ہوئے اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا ہے۔
نیوزی لینڈ کی دفاعی فورس کے مطابق ایئر مارشل ٹونی ڈیویز نے اپنے بیان میں کہا کہ وہ ذاتی وجوہات کی بنا پر عہدہ چھوڑ رہے ہیں اور ان کے اس فیصلے کی وجہ ماضی میں کی گئی غلطیاں ہیں، جن کی ذمہ داری وہ قبول کرتے ہیں۔
ٹونی ڈیویز نے اعتراف کیا کہ ان کا طرزعمل نیوزی لینڈ کی دفاعی فورس کی اقدار کے منافی تھا۔
انہوں نے وضاحت کی کہ یہ معاملہ ایک ایسے نامناسب تعلق سے متعلق ہے جو اس وقت قائم ہوا تھا جب وہ ایک فوجی یونٹ کی کمان سنبھال رہے تھے۔
مستعفی فوجی سربراہ نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ موقع ملنے کے باوجود انہوں نے اس تعلق کے بارے میں متعلقہ حکام کو آگاہ نہیں کیا۔
دفاعی فورس کے مطابق ٹونی ڈیویز نے اپنی نجی زندگی کے احترام کی درخواست کرتے ہوئے کہا کہ اس وقت ان کی تمام تر توجہ اپنے خاندان پر مرکوز ہے۔
نیوزی لینڈ کی دفاعی فورس نے تصدیق کی ہے کہ معاملہ مزید جائزے کے لیے ایک آزاد نگران ادارے کے سپرد کردیا گیا ہے۔
دوسری جانب نیوزی لینڈ کے وزیر دفاع پال گولڈسمتھ نے کہا کہ ٹونی ڈیویز کے استعفے کے پس منظر میں سامنے آنے والے حالات مسلح افواج کے بہت سے اہلکاروں کے لیے شدید مایوسی کا باعث ہوں گے۔
وزیر دفاع کے مطابق استعفے کی وجوہات دیانت داری اور کردار سے متعلق ایسے معاملات ہیں جن کا ٹونی ڈیویز نے پہلے انکشاف نہیں کیا تھا۔
پال گولڈسمتھ نے مزید کہا کہ وہ اور ٹونی ڈیویز دونوں اس بات پر متفق ہیں کہ موجودہ حالات میں ان کا فوجی سربراہ کے عہدے پر برقرار رہنا ممکن نہیں رہا۔