Pakistan

مظفرآباد،بنیان مرصوص کی فتح کا ایک سال مکمل،یومِ تشکر تقریب

مظفرآباد،بنیان مرصوص کی فتح کا ایک سال مکمل،یومِ تشکر تقریب
۶ دن پہلے

مظفرآباد میں معرکۂ حق “بنیان مرصوص” کی فتح کا ایک سال مکمل ہونے پر یومِ تشکر کی مرکزی تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں وزیراعظم آزادکشمیر فیصل ممتاز راٹھور نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی جبکہ اعلیٰ سول و عسکری حکام بھی تقریب میں شریک ہوئے۔

 

تقریب میں جی او سی چنار ڈویژن، چوہدری محمد یاسین، وزراء حکومت، چیف سیکرٹری اور آئی جی آزادکشمیر نے بھی شرکت کی۔ یومِ تشکر کی اس پروقار تقریب میں وطن سے محبت، قومی یکجہتی اور شہداء کی عظیم قربانیوں کو بھرپور خراجِ عقیدت پیش کیا گیا۔

 

معروف گلوکار علی عظمت اور آئمہ بیگ کے ملی نغموں نے شرکاء کا جوش و جذبہ بڑھا دیا جبکہ بچوں کے خوبصورت ٹیبلوز تقریب کا مرکزِ نگاہ بنے اور حاضرین نے بھرپور داد دی۔

 

قومی کرکٹر محمد حارث نے بھی تقریب میں خصوصی شرکت کی جہاں شرکاء نے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔ مقامی فنکار راجہ عمران، عبدالباسط اور نتاشا خان نے شاندار پرفارمنس پیش کرکے تقریب کو مزید یادگار بنا دیا۔

 

اس موقع پر وزیراعظم آزادکشمیر اور جی او سی چنار ڈویژن نے شہداء کے ورثا میں شیلڈز تقسیم کیں جبکہ شہداء کی قربانیوں کو قوم کی جانب سے سلام پیش کیا گیا۔ تقریب کے دوران جذباتی مناظر بھی دیکھنے میں آئے۔

 

یومِ تشکر کی تقریب شاندار آتش بازی کے مظاہرے کے ساتھ اختتام پذیر ہوئی اور یہ تقریب قومی جذبے، اتحاد اور حب الوطنی کی بھرپور عکاس ثابت ہوئی۔

مزید خبروں اور دلچسپ ویڈیوز کے لیے ہمارے ساتھ شامل ہوں