پاکستان ، بنگلہ دیش کے خلاف آسٹریلیا کے سکواڈ کا اعلان
آسٹریلیا کرکٹ نے پاکستان اور بنگلہ دیش کے خلاف آئندہ محدود اوورز سیریز کے لیے نئی ٹیموں کا اعلان کر دیا ہے، تاہم پیٹ کمنز، مچل اسٹارک اور جوش ہیزل ووڈ کو آرام دیا گیا ہے۔
پاکستان کے خلاف 30 مئی سے شروع ہونے والی ایک روزہ سیریز کے لیے انڈر 19 عالمی کپ ٹیم کے کپتان اولیور پیک اور آل راؤنڈر لیام اسکاٹ کو پہلی بار موقع دیا گیا ہے، جبکہ بنگلہ دیش کے خلاف ٹی20 سیریز کے لیے نوجوان بلے باز جوئل ڈیوس کو بھی ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔
فاسٹ بولرز رائلی میریڈتھ اور بلی اسٹین لیک کی بھی ٹیم میں واپسی ہوئی ہے۔ آسٹریلوی سلیکشن کمیٹی کے سربراہ جارج بیلی کا کہنا ہے کہ سینئر کھلاڑیوں کی غیر موجودگی نوجوان کرکٹرز کو اپنی صلاحیتیں دکھانے کا موقع فراہم کرے گی۔
مچل مارش پاکستان اور بنگلہ دیش دونوں دوروں میں آسٹریلوی ٹیم کی قیادت کریں گے، جبکہ تجربہ کار آل راؤنڈر گلین میکسویل کو بنگلہ دیش کے خلاف ٹی20 ٹیم میں شامل نہیں کیا گیا۔
تینوں سینئر فاسٹ بولرز آئندہ عالمی ٹیسٹ چیمپیئن شپ مہم کی تیاری کے لیے آرام کریں گے، جو اگست میں شروع ہوگی۔
ٹیم کی قیادت کپتان مچل مارش کریں گے۔دیگر منتخب کھلاڑیوں میں ایلیکس کیری، نیتھن ایلس، کیمیرون گرین، جوش انگلس، میتھیو کوہنیمن، مارنس لبوشین، رائلی میریڈتھ، آلی پییک، میتھیو رینشا، تنویر سنگھا، لیام اسکاٹ، میتھیو شارٹ، بلی اسٹین لیک اور ایڈم زیمپا شامل ہیں۔