Entertainment

جسمانی ساخت،وزن،لباس کے متعلق تنقید کا سامنا کرنا پڑا۔زارا نورعباس

جسمانی ساخت،وزن،لباس کے متعلق تنقید کا سامنا کرنا پڑا۔زارا نورعباس
۵ گھنٹے پہلے

معروف اداکارہ زارا نور عباس نے حالیہ انٹرویو میں ماں بننے کے بعد کی زندگی، پیشہ ورانہ کیریئر اور گھریلو ذمہ داریوں کے درمیان توازن قائم رکھنے کے چیلنجز، اور معاشرے میں ورکنگ ماؤں کو درپیش دباؤ کے حوالے سے تفصیلی اور کھل کر گفتگو کی ہے۔ 

اداکارہ نے کہا کہ حمل اور زچگی کے بعد خواتین کو غیر ضروری طور پر باڈی شیمنگ کا سامنا کرنا پڑتا ہے جبکہ ان سے یہ غیر حقیقی توقع رکھی جاتی ہے کہ وہ فوراً اپنی سابقہ جسمانی حالت میں واپس آ جائیں۔ ان کے مطابق یہ سوچ نہ صرف غیر منصفانہ ہے بلکہ نئی ماؤں پر ذہنی دباؤ میں اضافہ کرتی ہے۔ 

انہوں نے کہا کہ معاشرے میں یہ غلط تصور پایا جاتا ہے کہ خواتین بیک وقت کیریئر اور خاندان نہیں سنبھال سکتیں جبکہ حقیقت اس کے برعکس ہے۔ اداکارہ کے مطابق ماں بننے کے بعد ان کی شخصیت اور جذباتی کیفیت میں نمایاں تبدیلی آئی ہے اور وہ پہلے سے زیادہ پُرسکون، نرم دل اور ہمدرد ہو گئی ہیں۔ 


اداکارہ نے انکشاف کیا کہ اپنے کیریئر کے دوران انہیں بارہا جسمانی ساخت، وزن اور لباس کے حوالے سے تنقید کا سامنا کرنا پڑا۔ ان کے مطابق بعض افراد اور برانڈز نے انہیں صرف اس بنیاد پر کام دینے سے انکار کیا کہ وہ ’پتلی‘ یا مخصوص معیار پر پوری نہیں اترتیں۔ 



انہوں نے بتایا کہ اس تنقید نے ان کی ذہنی صحت اور اعتماد کو متاثر کیا اور کئی مواقع پر وہ ان تبصروں کی وجہ سے دل برداشتہ بھی ہوئیں۔ تاہم بعد ازاں انہوں نے فیصلہ کیا کہ وہ دوسروں کی رائے کو اپنی پہچان نہیں بننے دیں گی۔ 

زارا نور عباس نے کہا کہ خواتین کو حمل اور زچگی کے بعد جسم میں آنے والی قدرتی تبدیلیوں پر شرمندہ ہونے کے بجائے انہیں قبول کرنا چاہیے۔ انہوں نے معاشرے سے مطالبہ کیا کہ خواتین کے جسموں پر غیر ضروری تبصرے بند کیے جائیں خصوصاً ان ماؤں پر جو ایک بچے کو جنم دینے جیسے مشکل مرحلے سے گزرتی ہیں۔

مزید خبروں اور دلچسپ ویڈیوز کے لیے ہمارے ساتھ شامل ہوں