بھارت غیر جانبدار تحقیقات سے بھاگ گیا۔عطا اللہ تارڑ
وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ پاکستان دہشتگردی کے خلاف فرنٹ لائن ریاست کے طور پر بے مثال قربانیاں دے چکا ہے، جبکہ بھارت اپنے داخلی مسائل اور ناکامیوں کا الزام پاکستان پر عائد کر کے عالمی برادری کو گمراہ کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ’معرکۂ حق‘ میں پاکستانی قوم، افواج اور ریاستی اداروں نے مکمل یکجہتی کا مظاہرہ کیا۔
وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ نے ’معرکۂ حق‘ کے حوالے سے انسٹیٹیوٹ آف اسٹریٹجک اسٹڈیز اسلام آباد میں منعقدہ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان دہشتگردی کے خلاف عالمی سطح پر فرنٹ لائن ریاست کا کردار ادا کر رہا ہے اور اس جنگ میں دی جانے والی قربانیاں ناقابلِ فراموش ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بھارت میں دہشتگردی اس کا اپنا داخلی مسئلہ ہے، تاہم نئی دہلی حکومت ہمیشہ اپنی ناکامیوں اور داخلی بحرانوں کو بیرونی رنگ دے کر پاکستان پر الزامات عائد کرتی رہی ہے۔ ان کے بقول بھارت نے پاکستان پر بلااشتعال جارحیت مسلط کی، لیکن پاکستان نے ذمہ داری، تدبر اور قومی یکجہتی کے ساتھ صورتحال کا مقابلہ کیا۔
عطا تارڑ نے پہلگام واقعے کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اس واقعے کی تحقیقات کیے بغیر فوری طور پر پاکستان پر الزام عائد کر دیا گیا، جبکہ وزیراعظم پاکستان نے خود شفاف تحقیقات میں تعاون کی پیش کش کی تھی۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ بھارت کسی غیر جانبدار تحقیقات سے بھاگ گیا کیونکہ پہلگام واقعہ دراصل ایک ’فالس فلیگ آپریشن‘ تھا۔
وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ پہلگام کا علاقہ سرحد سے بہت دور اور بھارتی فوج کے مضبوط کنٹرول والے علاقے میں واقع ہے، اس کے باوجود پاکستان پر الزامات عائد کیے گئے۔ ان کے مطابق اس واقعے نے عالمی سطح پر بھارت کی ساکھ کو شدید نقصان پہنچایا۔
انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر ایک عالمی اور بین الاقوامی تنازع ہے، جس پر اقوام متحدہ کی قراردادیں موجود ہیں۔ کشمیری عوام کے حقِ خودارادیت کو دبایا نہیں جا سکتا اور عالمی برادری کو اس مسئلے کے حل کے لیے اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔
عطا تارڑ نے کہا کہ ریاستی اداروں کے درمیان مکمل یکسوئی پاکستان کی سب سے بڑی طاقت ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی سول اور عسکری قیادت ایک صفحے پر ہے اور چیلنجز سے نمٹنے میں فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی قیادت قابلِ تحسین ہے۔
انہوں نے کہا کہ ’معرکۂ حق‘ کے دوران پاکستانی میڈیا نے ذمہ دارانہ صحافت کا مظاہرہ کیا، جبکہ بھارتی میڈیا نے غیر سنجیدہ اور مضحکہ خیز رپورٹنگ کے ذریعے اپنی ساکھ کو نقصان پہنچایا۔ ان کے مطابق پاکستانی نوجوانوں نے بھی سوشل میڈیا کو مؤثر ہتھیار کے طور پر استعمال کرتے ہوئے بھارتی بیانیے کا بھرپور جواب دیا۔
وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ پاکستان کی کامیابی اس بات کا ثبوت ہے کہ ملک میں مقامی طور پر تیار کیے جانے والے دفاعی آلات اور ٹیکنالوجی کسی سے کم نہیں۔ انہوں نے کہا کہ پوری قوم اپنی مسلح افواج کے ساتھ کھڑی تھی اور آج بھی مکمل اعتماد اور یکسوئی کے ساتھ اپنی قیادت کی حمایت کر رہی ہے۔
عطا تارڑ نے کہا کہ دنیا پاکستان کی صلاحیتوں اور قربانیوں کو تسلیم کرتی ہے، جبکہ بھارت کروڑوں ڈالر کی لابنگ کے باوجود ایک سال کے مختصر عرصے میں ’شائننگ انڈیا‘ کے بیانیے سے عالمی تنہائی کی طرف بڑھ گیا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ایک ایسا ملک پاکستان پر دہشتگردی کے الزامات لگا رہا ہے جو خود کینیڈا اور دیگر ممالک میں سکھ رہنماؤں کے قتل جیسے واقعات میں ملوث پایا گیا۔ ان کے مطابق کلبھوشن یادیو کی پاکستان میں گرفتاری بھارتی دہشتگرد ذہنیت کا ناقابلِ تردید ثبوت ہے۔