نئی جارحیت کی صورت میں ایران نئے محاذ کھول دے گا، ایرانی فوج کی وارننگ
ایرانی فوج نے خبردار کیا ہے کہ اگر دشمن نے اسرائیل کے جال میں آکر ایران کے خلاف دوبارہ کسی نئی جارحیت کی کوشش کی تو ایرانی مسلح افواج نئے محاذ کھولنے اور نئی جنگی حکمتِ عملی اپنانے سے گریز نہیں کریں گی۔
تہران کے ولی عصر اسکوائر میں عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے ایرانی فوج کے ترجمان بریگیڈیئر جنرل محمد اکرمی نے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران کو نہ گھیرے میں لیا جا سکتا ہے اور نہ ہی شکست دی جا سکتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ اگر دشمن نے دوبارہ “غلطی” کرتے ہوئے ایران پر حملہ کیا تو ایران نئے ہتھیاروں اور مختلف طریقوں سے بھرپور جواب دے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ ایرانی مسلح افواج نے جنگ بندی کے دور کو بھی جنگی تیاری کا حصہ سمجھتے ہوئے اپنی عسکری صلاحیتوں کو مزید مضبوط بنایا ہے۔
آبنائے ہرمز کے حوالے سے ترجمان کا کہنا تھا کہ ایران کو اس اہم آبی گزرگاہ پر مکمل کنٹرول حاصل ہے اور اب وہاں حالات پہلے جیسے نہیں رہیں گے۔
انہوں نے کہا کہ دشمن کے پاس واحد راستہ یہی ہے کہ وہ ایرانی قوم اور اسلامی جمہوریہ ایران کے قانونی حقوق کا احترام کرے۔
ایرانی حکام کے مطابق پاکستان کی ثالثی میں ہونے والی جنگ بندی اب بھی برقرار ہے، تاہم امریکی بحری ناکہ بندی کے خاتمے اور مستقل امن کے قیام تک آبنائے ہرمز کو مکمل طور پر بحال نہیں کیا جائے گا۔