دہشتگردی کے خلاف جنگ پوری قومی سے جاری رکھی جائے گی۔فیلڈ مارشل
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ملک میں پائیدار امن اور استحکام کے قیام تک دہشت گردی کے خلاف جنگ پوری قومی قوت اور غیر متزلزل عزم کے ساتھ جاری رکھی جائے گی۔
پاک فوج کے افسران اور جوانوں کو فوجی اعزازات دینے کی پروقار تقریب جنرل ہیڈ کوارٹرز راولپنڈی میں منعقد ہوئی، جہاں چیف آف ڈیفنس فورسز و آرمی چیف سید عاصم منیر نے شہدا کے اہل خانہ، افسران اور جوانوں کو آپریشنز میں غیر معمولی بہادری اور قوم کے لیے نمایاں خدمات کے اعتراف میں اعزازات سے نوازا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق تقریب کے دوران 50 افسران اور جوانوں کو ستارہ امتیاز (ملٹری) جبکہ 12 اہلکاروں کو تمغۂ بسالت عطا کیا گیا۔ شہدا کے اعزازات ان کے اہل خانہ نے وصول کیے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے شہدا اور غازیوں کو قوم کا فخر قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان کی قربانیاں ہر پاکستانی کے لیے ایک مقدس امانت ہیں۔
انہوں نے کہا کہ وطن عزیز میں امن و سلامتی شہدا کی عظیم قربانیوں، جذبۂ ایثار اور فرض سے غیر متزلزل وابستگی کا نتیجہ ہے۔
آرمی چیف نے شہدا کے خاندانوں کے صبر، حوصلے اور ثابت قدمی کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے ان کی لازوال قربانیوں کا اعتراف کیا۔
انہوں نے پاک فوج اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی آپریشنل تیاریوں اور دہشتگردی کے خلاف مسلسل کارروائیوں کو بھی سراہا۔