Breaking News

جیمنائی اومنی‘ آرٹیفیشل انٹیلی جنس کی دنیا میں ایک انقلابی پیش رفت

جیمنائی اومنی‘ آرٹیفیشل انٹیلی جنس کی دنیا میں ایک انقلابی پیش رفت
۱ منٹ پہلے

گوگل نے دنیا کا سب سے جدید اور تیز ترین ملٹی ماڈل اے آئی ماڈل جیمنائی اومنی متعارف کروا دیا ہے، جو آڈیو اور ویڈیو کو بیک وقت سمجھنے اور فوری جواب دینے کی بے پناہ صلاحیت رکھتا ہے۔ 

گوگل بلاگ پر جاری کی گئی تفصیلات کے مطابق نیا جیمنائی اومنی ماڈل آرٹیفیشل انٹیلیجنس کی دنیا میں ایک انقلابی پیش رفت ہے، جسے انسانی انداز میں بات چیت کرنے اور ماحول کو سمجھنے کے لیے ڈیزائن کیا گیا ہے۔ 

یہ ماڈل نہ صرف تحریر اور آواز بلکہ لائیو ویڈیو کیمرے کے ذریعے سامنے موجود چیزوں کو دیکھ کر ان پر فوری ردعمل دینے کے قابل ہے۔ 

جیمنائی اومنی کی نمایاں خصوصیات میں حقیقی وقت میں گفتگو شامل ہے، جس کی بدولت یہ ماڈل انسانوں کی طرح بغیر کسی تاخیر کے آڈیو گفتگو کر سکتا ہے اور بات چیت کے دوران اسے بیچ میں ٹوکا بھی جا سکتا ہے۔ اس کے علاوہ یہ ماڈل صارف کی آواز کے اتار چڑھاؤ اور لہجے سے ان کے جذبات کو سمجھنے اور اسی مناسبت سے جواب دینے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ 

اس ماڈل میں کیمرہ اور ویڈیو انٹیلیجنس کو بھی بہتر بنایا گیا ہے، جس سے یہ لائیو کیمرہ فیڈ کے ذریعے سامنے رکھی چیزوں، تحریروں یا کسی پیچیدہ ریاضی کے سوال کو دیکھ کر اسے فوراً حل اور واضح کر سکتا ہے۔ 

یہ ماڈل گوگل کے پچھلے ماڈلز کے مقابلے میں نہ صرف کثیر جہتی صلاحیتوں میں بہتر ہے بلکہ اس کی پروسیسنگ کی رفتار انتہائی تیز اور آپریٹنگ لاگت بھی نمایاں طور پر کم ہے۔ 

گوگل کے مطابق جیمنائی اومنی کو آنے والے دنوں میں گوگل اسسٹنٹ، جیمنائی ایپ اور دیگر ڈویلپر ٹولز میں شامل کیا جائے گا، جس سے صارفین کا اے آئی استعمال کرنے کا تجربہ مکمل طور پر بدل جائے گا۔ ماہرین اسے ٹیکنالوجی کی دنیا میں ایک بڑا سنگ میل قرار دے رہے ہیں جو اسمارٹ فونز اور کمپیوٹرز کے استعمال کو مزید آسان اور جاندار بنا دے گا۔

مزید خبروں اور دلچسپ ویڈیوز کے لیے ہمارے ساتھ شامل ہوں