تمام مسلمان ممالک سے ابراہیمی معاہدے پر دستخط کریں،ٹرمپ
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے تمام مسلمان ممالک سے ابراہیمی معاہدے پر دستخط کرنے کا مطالبہ کردیا۔
ٹرتھ سوشل پر ایک بیان میں امریکی صدر کا کہنا تھا کہ تمام مسلمان ممالک ابراہیمی معاہدے پر دستخط کریں، ایران ہمارے ساتھ معاہدے کے بعد اگر ابراہمی معاہدے پر دستخط کرتا ہے تو یہ اعزاز ہوگا۔
ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ ابراہمی معاہدے پر دستخط کا آغاز سعودی عرب اور قطر سے ہونا چاہیے۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ ہفتےکے روز سعودی عرب ولی عہد، اماراتی صدر، امیر قطر اور وزیراعظم قطر سے بات چیت ہوئی ہے۔
ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ ہفتے کے روز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے بات چیت ہوئی ہے۔
امریکی صدر نے بتایا کہ ترکیے اور مصر کے صدور، اردن کے شاہ عبداللّٰہ اور بحرین کے شاہ سے بات چیت ہوئی ہے۔
ڈونلڈ ٹرمپ کا یہ بھی کہنا تھا کہ ایران کے ساتھ مذاکرات اچھے انداز میں آگے بڑھ رہے ہیں۔ یہ یا تو سب کے لیے ایک عظیم معاہدہ ہوگا، یا پھر کوئی معاہدہ نہیں ہوگا۔
امریکی صدر نے مزید کہا کہ ایران کے ساتھ معاہدہ نہ ہوا تو پھر جنگ ہوگی۔ پہلے سے کہیں زیادہ بڑی اور طاقتور جنگ ہوگی۔