104 میچز، 48 ٹیمیں،اربوں شائقین، فیفا ورلڈ کپ 2026 میں اس مرتبہ کیا کچھ نیا ہوگا؟
فیفا ورلڈ کپ 2026 کا آغاز 11 جون سے ہوگا جو تاریخ کا سب سے بڑا عالمی فٹبال ٹورنامنٹ ثابت ہوگا۔ پہلی بار 48 ٹیمیں عالمی اعزاز کے لیے میدان میں اتریں گی جبکہ ایونٹ کی میزبانی مشترکہ طور پر امریکا، کینیڈا اور میکسیکو کریں گے۔
فیفا کے مطابق ورلڈ کپ 11 جون سے 19 جولائی تک جاری رہے گا۔ یہ پہلا موقع ہے کہ تین ممالک مل کر فٹبال کے سب سے بڑے مقابلے کی میزبانی کر رہے ہیں۔ امریکا دوسری، میکسیکو تیسری جبکہ کینیڈا پہلی مرتبہ ورلڈ کپ کی میزبانی کرے گا۔
ٹورنامنٹ کا افتتاحی میچ 11 جون کو میکسیکو سٹی کے تاریخی اسٹیڈیو ازٹیکا میں میزبان میکسیکو اور جنوبی افریقا کے درمیان کھیلا جائے گا۔ یہ وہی اسٹیڈیم ہے جہاں ماضی میں دو ورلڈ کپ فائنلز منعقد ہو چکے ہیں۔
فیفا نے 2026 ورلڈ کپ کے فارمیٹ میں بھی بڑی تبدیلیاں کی ہیں۔ اس بار 48 ٹیموں کو 12 گروپس میں تقسیم کیا جائے گا۔
ہر گروپ کی دو سرفہرست ٹیموں کے ساتھ آٹھ بہترین تیسرے نمبر کی ٹیمیں بھی ناک آؤٹ مرحلے میں پہنچیں گی جس کے باعث پہلی مرتبہ راؤنڈ آف 32 متعارف کرایا گیا ہے۔
ورلڈ کپ کا فائنل 19 جولائی کو نیویارک/نیو جرسی میں کھیلا جائے گا جہاں 82 ہزار سے زائد شائقین کی گنجائش والا اسٹیڈیم عالمی چیمپئن کا فیصلہ کرے گا۔
موجودہ عالمی چیمپئن ارجنٹینا اپنے اعزاز کا دفاع کرے گا جبکہ فرانس، اسپین، انگلینڈ، برازیل، جرمنی، پرتگال اور نیدرلینڈز بھی ٹائٹل کے مضبوط امیدواروں میں شامل ہیں۔
فیفا کے مطابق ٹورنامنٹ میں 1,248 کھلاڑی حصہ لیں گے کیونکہ ہر ٹیم کو 26 رکنی اسکواڈ منتخب کرنے کی اجازت دی گئی ہے۔ تمام شریک ممالک کو اپنے حتمی سکواڈز 2 جون تک جمع کرانے ہوں گے۔
ماہرین کے مطابق زیادہ ٹیموں، نئے فارمیٹ اور ریکارڈ تعداد میں میچز کی بدولت فیفا ورلڈ کپ 2026 شائقین کو تاریخ کا سب سے بڑا اور یادگار فٹبال ایونٹ فراہم کرے گا۔