Sports

آئی سی سی بورڈ کا اجلاس، کرکٹ قوانین اور عالمی ٹورنامنٹس سے متعلق اہم فیصلے

آئی سی سی بورڈ کا اجلاس، کرکٹ قوانین اور عالمی ٹورنامنٹس سے متعلق اہم فیصلے
۱ منٹ پہلے

بھارت کے شہر احمد آباد میں ہونے والے آئی سی سی بورڈ اجلاس میں کرکٹ کے قوانین، خواتین کرکٹ کے بڑے ٹورنامنٹس اور ایسوسی ایٹ ممبران کے لیے نئے کوالیفائرز سے متعلق اہم فیصلے کیے گئے۔

 

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ٹیسٹ میچز میں خراب روشنی (لائٹنگ) کی صورت میں دونوں ٹیموں کے کپتانوں کی رضامندی سے پنک بال استعمال کی جائے گی۔

 

مزید یہ کہ روشنی ٹیکنالوجی پر تحقیق کی جائے گی اور ایم سی سی کے ساتھ مل کر آر اینڈ ڈی فنڈنگ کی جائے گی تاکہ خراب روشنی کی وجہ سے کھیل متاثر نہ ہو۔

 

غیر قانونی بولنگ ایکشن کی جانچ کے لیے امپائرز کو ہاک آئی ڈیٹا تک رسائی دی جائے گی۔

 

اجلاس میں یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ ون ڈے اور ٹیسٹ میچز میں کوچز کو ڈرنکس بریک کے دوران گراؤنڈ کے اندر ٹیم سے مشاورت کی اجازت ہوگی۔

 

ٹی ٹوئنٹی میچز میں 15 منٹ کا وقفہ لازمی ہوگا، جبکہ بیٹرز کو کھیل دوبارہ شروع ہوتے ہی فوری طور پر تیار رہنا ہوگا۔ لیگ سائیڈ وائیڈز کا قانون مستقل طور پر نافذ کیا جائے گا۔

 

یہ تمام نئے قوانین یکم اکتوبر 2026 سے نافذ ہوں گے۔

 

ویمنز کرکٹ سے متعلق فیصلوں میں ویمنز چیمپئنز ٹرافی 2027 کی تاریخ تبدیل کرکے 14 سے 28 فروری 2027 کر دی گئی۔

 

ویمنز ایمرجنگ نیشنز ٹرافی 2026 میں 10 ٹیمیں شرکت کریں گی، جن میں 5 فل ممبرز اور 5 ایسوسی ایٹ ممبرز شامل ہوں گے۔

 

ویمنز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2028 کے حوالے سے فیصلہ کیا گیا کہ اس کی میزبانی پاکستان کرے گا، جبکہ بھارت کے میچز نیوٹرل وینیو پر کھیلے جائیں گے۔

 

اس ورلڈ کپ میں 12 ٹیمیں حصہ لیں گی، جن میں 10 ٹیمیں براہِ راست کوالیفائی کریں گی جبکہ باقی 2 ٹیمیں گلوبل کوالیفائر کے ذریعے آئیں گی۔

 

مزید برآں ایسوسی ایٹ ممبران کے لیے مردوں کے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں 16 ٹیموں پر مشتمل گلوبل کوالیفائر متعارف کرانے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔

مزید خبروں اور دلچسپ ویڈیوز کے لیے ہمارے ساتھ شامل ہوں