قائداعظم کی تصویر کرنسی نوٹوں سے ہٹا دینی چاہیے، اداکار شہزاد نواز
معروف اداکار شہزاد نواز نے پاکستانی کرنسی نوٹوں پر قائداعظم محمد علی جناح کی تصویر موجود ہونے کے باوجود معاشرے میں جاری کرپشن پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر اختیار ان کے پاس ہو تو وہ کرنسی نوٹوں سے قائداعظم کی تصویر ہٹا دیں۔
شہزاد نواز نے یہ رائے اپنے حالیہ پوڈکاسٹ میں اداکار علی سفینہ کے ساتھ گفتگو کے دوران دی، جہاں دونوں پاکستان میں سماجی رویوں، قومی شخصیات اور کرپشن کے موضوعات پر تبادلۂ خیال کر رہے تھے۔
گفتگو کے دوران علی سفینہ نے کہا کہ مختلف ادوار میں حکومتیں اور نظام بدلنے کے ساتھ قومی شخصیات کی نمائندگی اور تشہیر کے انداز بھی تبدیل ہوتے رہے ہیں، حتیٰ کہ بعض مواقع پر قائداعظم اور علامہ اقبال جیسی شخصیات کی تصاویر بھی تبدیل یا پس منظر میں چلی جاتی ہیں۔
اس پر ردِعمل دیتے ہوئے شہزاد نواز نے کہا کہ پاکستانی معاشرے میں رشوت، بدعنوانی اور دھوکا دہی جیسے رویے عام ہیں اور ایسے حالات میں قائداعظم کی تصویر کا کرنسی نوٹوں پر موجود ہونا ان کے نزدیک باعثِ افسوس ہے۔
انہوں نے کہا کہ اگر یہ میرے اختیار میں ہو تو میں پاکستانی کرنسی کے تمام نوٹوں سے قائداعظم کی تصویر ہٹا دوں، کیونکہ لوگ رشوت لیتے اور دیتے ہیں، فراڈ کرتے ہیں اور یہ سب کچھ اسی کرنسی کے ذریعے ہوتا ہے جس پر قائداعظم کی تصویر موجود ہے۔
شہزاد نواز نے مزید کہا کہ جنرل ضیاء الحق کے دور میں کرنسی نوٹوں پر "حلال روزی عبادت ہے" کا جملہ نمایاں طور پر درج کیا گیا تھا، تاہم بعد میں اس کی نمایاں حیثیت کم کر دی گئی۔ ان کے مطابق معاشرے میں اخلاقی اقدار کے فروغ کے لیے محض نعروں کے بجائے عملی اقدامات کی ضرورت ہے۔