میرب علی کی انگلی کی سرجری، اداکارہ نے مداحوں کو صحت سے متعلق آگاہ کر دیا
پاکستانی اداکارہ اور ماڈل میرب علی نے حال ہی میں اپنی انگلی کی سرجری کروائی ہے، جس کے بعد مداحوں اور شوبز شخصیات کی جانب سے ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا جا رہا ہے۔
میرب علی، جو متعدد ڈراموں میں اپنی اداکاری کے باعث مقبولیت حاصل کر چکی ہیں، نے سوشل میڈیا پر اپنی صحت سے متعلق ایک اپ ڈیٹ شیئر کی ہے۔
اداکارہ کے مطابق ان کی ایک انگلی کافی عرصے سے لاک ہو رہی تھی اور اس کی حرکت محدود ہو گئی تھی۔ انہوں نے ابتدا میں مختلف ماہر ڈاکٹروں، جن میں ریمیٹولوجسٹ اور نیورولوجسٹ شامل تھے، سے مشورہ کیا، تاہم بعد ازاں ایک آرتھوپیڈک سرجن نے سرجری تجویز کی۔
میرب علی نے بتایا کہ انہیں امید تھی کہ یہ ایک معمولی نوعیت کا آپریشن ہوگا، لیکن سرجری ان کی توقع سے زیادہ پیچیدہ اور طویل ثابت ہوئی۔
سرجری کے بعد اداکارہ نے ویڈیو پیغام کے ذریعے مداحوں کو اپنی صحت کے بارے میں آگاہ کیا اور ان کی دعاؤں پر شکریہ ادا کیا۔
اداکارہ کی پوسٹ کے بعد متعدد شوبز شخصیات نے ان کی جلد صحت یابی کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا، جبکہ مداحوں نے بھی انہیں آرام کرنے اور موبائل فون کے کم استعمال کا مشورہ دیا تاکہ انگلی پر مزید دباؤ نہ پڑے اور صحت یابی کا عمل تیز ہو سکے۔