فیفا ورلڈ کپ 2026، کون سی ٹیم فیورٹ؟ اوپٹا سپر کمپیوٹر کی حیران کن پیشگوئی
دنیائے کھیل کا سب سے بڑا اور مقبول ترین میلہ، فیفا ورلڈ کپ 2026 اپنی تمام تر رعنائیوں کے ساتھ 12 جون سے شروع ہونے جا رہا ہے۔
فٹبال کی تاریخ کا یہ اب تک کا سب سے منفرد اور تاریخی ٹورنامنٹ ہوگا، جس کی مشترکہ میزبانی امریکا، میکسیکو اور کینیڈا کر رہے ہیں۔
اس بار ورلڈ کپ محض ایک کھیل نہیں بلکہ اعصاب کی جنگ ثابت ہونے والا ہے، کیونکہ تاریخ میں پہلی بار 32 کے بجائے 48 ٹیمیں عالمی اعزاز کے لیے ایک دوسرے کے مدمقابل ہوں گی۔
جہاں شائقین کا جوش و خروش عروج پر ہے، وہیں کھیلوں کے معروف ڈیٹا ماڈل "اوپٹا سپر کمپیوٹر" نے مصنوعی ذہانت (AI) کی مدد سے 10 ہزار سیمولیشنز تیار کر کے فاتح ٹیم کے حوالے سے ایک سنسنی خیز پیشگوئی کی ہے۔
ماضی کے برعکس اس بار ٹورنامنٹ کے ڈھانچے میں بڑی تبدیلیاں کی گئی ہیں۔ ایونٹ میں شریک 48 ٹیموں کو 12 گروپس میں تقسیم کیا گیا ہے اور ہر گروپ 4 ٹیموں پر مشتمل ہوگا۔
اس نئے فارمیٹ کے تحت ٹورنامنٹ میں مجموعی طور پر ریکارڈ 104 میچز کھیلے جائیں گے۔ ہر گروپ سے پہلی اور دوسری پوزیشن حاصل کرنے والی ٹیمیں ناک آؤٹ مرحلے میں کوالیفائی کریں گی، جس کے نتیجے میں ایونٹ کی تاریخ میں پہلی بار "راؤنڈ آف 32" کا مرحلہ کھیلا جائے گا۔
زیادہ ٹیموں کی شمولیت کے باعث جہاں مقابلوں کا جوش بڑھ جائے گا، وہیں کسی بھی ٹیم کے لیے فائنل تک رسائی کا سفر پہلے کے مقابلے میں زیادہ طویل اور مشکل ہوگا۔