Pakistan

چینی سفیر سے ملاقات، وزیراعظم کا معدنیات اور کان کنی کے شعبے میں تعاون بڑھانے پر زور

چینی سفیر سے ملاقات، وزیراعظم کا معدنیات اور کان کنی کے شعبے میں تعاون بڑھانے پر زور
۱ منٹ پہلے

پاکستان میں چین کے سفیر جیانگ زائی ڈونگ نے وزیراعظم ہاؤس میں وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات کی، جس میں دوطرفہ تعلقات، اقتصادی تعاون اور مختلف شعبوں میں شراکت داری کو مزید فروغ دینے پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔

 

ملاقات میں وزیراعظم کے مشیر ڈاکٹر سید توقیر شاہ، معاونِ خصوصی سید طارق فاطمی اور سیکریٹری خارجہ آمنہ بلوچ بھی شریک تھیں۔

 

وزیراعظم شہباز شریف نے چینی صدر شی جن پنگ اور وزیراعظم لی چیانگ کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہوئے اپنے حالیہ دورۂ چین کے دوران ہونے والی مفید اور نتیجہ خیز ملاقاتوں کا ذکر کیا۔

 

انہوں نے پاکستان اور چین کے درمیان ہر موسم کی اسٹریٹجک تعاون پر مبنی شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ دورۂ چین کے دوران طے پانے والے فیصلوں اور مفاہمتوں پر فوری اور مؤثر عملدرآمد ضروری ہے۔

 

وزیراعظم نے بالخصوص چین پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک) کے دوسرے مرحلے، سی پیک 2.0، کے تحت زراعت، انفارمیشن ٹیکنالوجی، صنعتی ترقی، خصوصی اقتصادی زونز اور معدنیات و کان کنی کے شعبوں میں تعاون کو مزید وسعت دینے پر زور دیا۔

 

انہوں نے ہانگژو میں منعقدہ بزنس ٹو بزنس سرمایہ کاری کانفرنس کے دوران پاکستانی اور چینی کمپنیوں کے درمیان طے پانے والی مفاہمتی یادداشتوں پر بروقت عملدرآمد کی ضرورت پر بھی زور دیا تاکہ دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی تعاون کے ثمرات جلد حاصل کیے جا سکیں۔

 

ملاقات میں قراقرم ہائی وے ری الائنمنٹ منصوبے، سیکیورٹی، انسدادِ دہشت گردی، دفاعی تعاون، اقتصادی و مالی معاونت اور خطے کی مجموعی صورتحال پر بھی تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔

 

چینی سفیر جیانگ زائی ڈونگ نے وزیراعظم کو کامیاب دورۂ چین پر مبارکباد دیتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا کہ چین پاکستان کے ساتھ اپنی دیرینہ دوستی کو مزید مضبوط بنانے اور تمام شعبوں میں تعاون بڑھانے کے لیے پُرعزم ہے۔ 

مزید خبروں اور دلچسپ ویڈیوز کے لیے ہمارے ساتھ شامل ہوں