Pakistan

7 جون کو جیالا وزیر اعلیٰ منتخب کرائیں گے، بلاول بھٹو زرداری

7 جون کو جیالا وزیر اعلیٰ منتخب کرائیں گے، بلاول بھٹو زرداری
۱ منٹ پہلے

پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ 7 جون کو جیالا وزیر اعلیٰ منتخب کرائیں گے اور پارٹی گلگت بلتستان کے عوام کے حقوق کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھے گی۔

 

گلگت بلتستان میں ایک عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ آئندہ وفاقی بجٹ میں بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے فنڈز میں اضافہ کیا جائے گا تاکہ مستحق افراد کو مزید سہولت فراہم کی جا سکے۔

 

انہوں نے کہا کہ بھارت انڈس واٹر ٹریٹی کو بطور ہتھیار استعمال کر رہا ہے، تاہم پاکستان ایک مضبوط اور پہلی اسلامی ایٹمی طاقت ہے۔

 

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ 18ویں آئینی ترمیم کے تحت گلگت بلتستان کے عوام کو ان کے حقوق دلائیں گے۔ انہوں نے وزیراعظم شہباز شریف سے مطالبہ کیا کہ دیامر بھاشا ڈیم کی تعمیر جلد از جلد مکمل کی جائے اور اس منصوبے میں "شہباز اسپیڈ" کا مظاہرہ کیا جائے۔

 

چیئرمین پیپلز پارٹی کا کہنا تھا کہ ملک کو موجودہ مشکل حالات میں پیپلز پارٹی کی حکومت کی ضرورت ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ گزشتہ انتخابات میں پیپلز پارٹی کو سب سے زیادہ ووٹ ملے تھے۔

 

انہوں نے کہا کہ حقوق کسی کو تحفے میں نہیں ملتے بلکہ جدوجہد کے ذریعے حاصل کیے جاتے ہیں، اور پیپلز پارٹی گلگت بلتستان کے عوام کو ان کے حقوق دلانے کے لیے بھرپور کردار ادا کرے گی۔

 

بلاول بھٹو زرداری نے مزید کہا کہ اگر سابق صدر آصف علی زرداری سی پیک منصوبہ پاکستان نہ لاتے تو ملک میں اورنج لائن ٹرین جیسے منصوبے ممکن نہ ہوتے۔

 

انہوں نے الزام عائد کیا کہ غریب دشمن منشور رکھنے والی بعض جماعتیں انتخابات کو مینیج کرنے کی کوشش کر رہی ہیں۔

مزید خبروں اور دلچسپ ویڈیوز کے لیے ہمارے ساتھ شامل ہوں