Pakistan

ایکشن کمیٹی کا مطالبہ انتخابی عمل کو سبوتاژ کرنے کے مترادف ہے، خواجہ آصف

ایکشن کمیٹی کا مطالبہ انتخابی عمل کو سبوتاژ کرنے کے مترادف ہے، خواجہ آصف
۱ گھنٹے پہلے

وزیر دفاع خواجہ آصف کا کہنا ہے کہ 27 جولائی کو آزاد کشمیر کے انتخابات ہونے جا رہے ہیں، تاہم ایکشن کمیٹی کی جانب سے یہ مطالبہ کیا جا رہا ہے کہ کشمیر اسمبلی کی پاکستان سے منتخب ہونے والی 12 نشستیں ختم کی جائیں۔

 

اپنے بیان میں خواجہ آصف نے کہا کہ انتخابات سے قبل ایسا مطالبہ انتخابی عمل کو سبوتاژ کرنے کے مترادف ہے۔ انہوں نے کہا کہ جو لوگ یہ مطالبہ کر رہے ہیں، وہ اسے 27 جولائی کو عوام کے سامنے رکھیں تاکہ خلقِ خدا خود فیصلہ کرے اور نمائندگی کی شکل طے کرے، یہی جمہوری رویہ ہوگا، ورنہ اسے بلیک میلنگ تصور کیا جائے گا۔

 

خواجہ آصف نے کہا کہ سیالکوٹ شہر اور تحصیل سے کشمیر اسمبلی کی ایک نشست ہے جبکہ پاکستان قومی اسمبلی کی دو نشستیں بھی موجود ہیں، اس کے علاوہ پاکستان میں کشمیر اسمبلی کے حلقے بھی پھیلے ہوئے ہیں، جہاں کشمیری مہاجرین کی بڑی تعداد جموں سے تعلق رکھتی ہے۔

 

وزیر دفاع نے کہا کہ اکتوبر 1947 میں دو لاکھ سے زائد مہاجرین نے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا اور سیالکوٹ آ کر آباد ہوئے، اس دوران لاکھوں افراد متاثر ہوئے اور بے شمار خواتین کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

 

انہوں نے کہا کہ ان مہاجرین نے آزادی کی بہت بڑی قیمت ادا کی ہے، اور انہیں ان کے حق سے محروم نہیں کیا جا سکتا۔ خواجہ آصف نے زور دیا کہ اپنی رائے منوانے کے لیے جمہوری راستہ اختیار کیا جائے۔

مزید خبروں اور دلچسپ ویڈیوز کے لیے ہمارے ساتھ شامل ہوں