حکومت کا چھوٹے دکانداروں کیلئے فکس ٹیکس سکیم کا اعلان
وفاقی حکومت نے چھوٹے دکانداروں کے لیے فکس ٹیکس سکیم لانے کا اعلان کر دیا ہے۔
وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر مملکت برائے خزانہ بلال اظہر کیانی نے کہا کہ حکومت چھوٹے دکانداروں کے لیے آسان فکس ٹیکس سکیم متعارف کرا رہی ہے، جو تاجروں کی انجمنوں کی مشاورت اور مطالبے پر تیار کی گئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ سکیم ان دکانداروں پر لاگو ہوگی جن کی سالانہ فروخت 20 کروڑ روپے یا اس سے کم ہے۔ اس سکیم کے تحت ایک فیصد فکس ٹیکس عائد ہوگا، جبکہ پہلے سے کٹے ہوئے ود ہولڈنگ ٹیکس کو ایڈجسٹ کیا جائے گا۔
بلال اظہر کیانی کے مطابق کم از کم ٹیکس 25 ہزار روپے ہوگا، جبکہ زیادہ ٹرن اوور رکھنے والے دکانداروں سے ایک فیصد کے حساب سے ٹیکس وصول کیا جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ اس کے لیے ایک سادہ ایک صفحے کا فارم ہوگا جس میں دکاندار اپنی فروخت کی تفصیل درج کریں گے۔
وزیر مملکت نے کہا کہ جو بھی دکاندار اس سکیم میں شامل ہونا چاہے گا اسے ایف بی آر کی جانب سے ایک پلیٹ جاری کی جائے گی جس پر دکان کا نام اور دیگر تفصیلات درج ہوں گی۔ اس سکیم میں فائلر اور نان فائلر دونوں شامل ہو سکیں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ سکیم سے فائدہ اٹھانے کے لیے ٹیکس کی ادائیگی کم از کم پچھلے سال کے برابر ہونا ضروری ہوگا، اور شامل ہونے والے دکانداروں کو POS سسٹم سے استثنیٰ بھی دیا جائے گا۔
وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا کہ معاشی استحکام کا برقرار رہنا بہت ضروری ہے اور ملک کی آمدنی کو ایک مستحکم سطح پر لے جانا ناگزیر ہے۔
انہوں نے کہا کہ ٹیکس اصلاحات میں نمایاں پیش رفت ہوئی ہے اور حکومت کا مقصد ٹیکس نظام کو آسان بنانا ہے۔ ان کے مطابق تقریباً 30 سے 40 لاکھ چھوٹے دکاندار اس سکیم کے دائرہ کار میں آتے ہیں۔
محمد اورنگزیب نے مزید کہا کہ یہ سکیم چھوٹے تاجروں کی مشاورت سے تیار کی گئی ہے اور حکومت ان طبقات کی شمولیت کی حوصلہ افزائی کرتی ہے جو اب تک ٹیکس نظام میں شامل نہیں تھے۔