Pakistan

پاکستان ’شنگھائی سپرٹ‘ پر کاربند رہنے کے عزم پر قائم ہے، محسن نقوی کا بشکیک میں خطاب

پاکستان ’شنگھائی  سپرٹ‘ پر کاربند رہنے کے عزم پر قائم ہے، محسن نقوی کا بشکیک میں خطاب
۲۲ منٹ پہلے

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ پاکستان شنگھائی  سپرٹ پر کاربند رہنے کے لیے پرعزم ہے۔

 

کرغزستان کے دارالحکومت بشکیک میں شنگھائی تعاون تنظیم (SCO) کے رکن ممالک کے وزرائے داخلہ اور پبلک سیکیورٹی کے خصوصی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے پاکستان کے اس عزم کا اعادہ کیا کہ وہ "شنگھائی سپرٹ" کے اصولوں پر مکمل طور پر کاربند رہے گا۔

 

محسن نقوی نے خطے کو درپیش دہشتگردی، منظم جرائم، منشیات کی اسمگلنگ، سائبر کرائم اور دہشتگردی کی مالی معاونت جیسے سنگین چیلنجز سے نمٹنے کے لیے رکن ممالک کے درمیان مشترکہ اور جامع حکمت عملی اپنانے پر زور دیا۔

 

انہوں نے خبردار کیا کہ مجرمانہ اور دہشتگرد نیٹ ورکس مصنوعی ذہانت، ڈیجیٹل پلیٹ فارمز، آن لائن نیٹ ورکس اور کرپٹو کرنسی کے ذریعے اپنی سرگرمیوں کو تیزی سے بڑھا رہے ہیں، جس کے لیے جدید انٹیلیجنس شیئرنگ اور ادارہ جاتی تعاون ناگزیر ہے۔

 

وزیر داخلہ نے کہا کہ پاکستان شنگھائی تعاون تنظیم کی روح یعنی باہمی اعتماد، برابری، تعاون اور خودمختاری کے احترام کے اصولوں پر مکمل عمل پیرا ہے۔

 

انہوں نے دہشتگردی کے خلاف پاکستان کی قربانیوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ نیشنل ایکشن پلان کے تحت انٹیلیجنس کوآرڈینیشن، بارڈر مینجمنٹ اور منی لانڈرنگ کے خلاف اقدامات کو مزید مضبوط کیا گیا ہے۔

 

محسن نقوی نے تنظیم کے علاقائی انسدادِ دہشتگردی ڈھانچے (RATS) کے تحت تعاون بڑھانے، سائبر انٹیلیجنس اور ڈیجیٹل فارنزکس میں شراکت داری کو فروغ دینے پر بھی زور دیا۔

 

انہوں نے منشیات کی اسمگلنگ کو دہشتگردی کی مالی معاونت کا بڑا ذریعہ قرار دیتے ہوئے سرحدی سیکیورٹی، انسانی اسمگلنگ کے خاتمے اور واچ لسٹ کوآرڈینیشن کو بہتر بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔

 

اپنے خطاب کے اختتام پر انہوں نے تمام شرکا کو 2027 میں اسلام آباد میں ہونے والے شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہی اجلاس میں شرکت کی دعوت دی۔

 

اس موقع پر انہوں نے ایرانی ہم منصب اسکندر مومنی سے سائیڈ لائن ملاقات بھی کی جس میں پاک ایران تعلقات اور علاقائی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

مزید خبروں اور دلچسپ ویڈیوز کے لیے ہمارے ساتھ شامل ہوں