میکسیکو سٹی،فیفا عالمی کپ 2026 کی افتتاحی تقریب،پاکستانی وفد کی شرکت
میکسیکو شہر میں رنگا رنگ تقریب کے ساتھ بین الاقوامی فٹبال ورلڈ کپ کا عالمی میلہ شروع ہوگیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق پاکستان فٹبال فیڈریشن کے صدر سید محسن گیلانی کی قیادت میں دو رکنی پاکستانی وفد نے بھی فٹبال ورلڈ کپ کی افتتاحی تقریب اور سرکاری عشائیے میں پاکستان کی نمائندگی کی۔
صدرِ میکسیکو کے مطابق افتتاحی تقریب میں دنیا بھر کی فٹبال قیادت نے شرکت کی۔ انہوں نے کہا کہ تاریخ کے سب سے بڑے عالمی ایونٹ کی میزبانی یادگار اور مثالی انداز میں کی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ فٹبال ورلڈ کپ کو تاریخی طور پر کامیاب بنانے کے لیے تمام وسائل اور کوششیں بروئے کار لائی جائیں گی۔
دوسری جانب فٹبال کی عالمی تنظیم کے صدر جیانی انفینٹینو نے شاندار افتتاحی تقریب اور غیر معمولی انتظامات پر صدرِ میکسیکو کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے ورلڈ کپ کے شریک میزبان ممالک امریکا اور کینیڈا کے انتظامات کو بھی سراہا۔
فٹبال ورلڈ کپ کے موقع پر پاکستانی وفد نے دیگر ممالک کی فٹبال ایسوسی ایشنز کے حکام سے اہم ملاقاتیں بھی کیں۔ سید محسن گیلانی نے عالمی فٹبال قیادت سے باہمی دلچسپی کے امور پر گفتگو کی۔