گلگت بلتستان الیکشن کمیشن،انتخابی اعتراضات مسترد،نتائج برقرار
الیکشن کمیشن گلگت بلتستان نے انتخابی تنازعات سے متعلق درخواستوں پر فیصلہ سناتے ہوئے تمام اعتراضات مسترد کر دیے ہیں۔
چیف الیکشن کمشنر گلگت راجہ شہباز کی جانب سے جاری فیصلے کے مطابق جی بی اے سترہ دیامر تین پر دوبارہ گنتی کی درخواست مسترد کر دی گئی اور اس نشست پر پاکستان پیپلز پارٹی کے محمد نسیم کی جیت کو برقرار رکھا گیا ہے۔
فیصلے کے مطابق جی بی اے اٹھارہ دیامر چار پر اعتراض مسترد ہونے کے بعد پاکستان مسلم لیگ (ن) کے کفایت الرحمان کی جیت برقرار رہی جبکہ جی بی اے چودہ استور دو میں بھی اعتراض مسترد کیا گیا اور مسلم لیگ (ن) کے رانا محمد فاروق کی کامیابی برقرار رکھی گئی۔
الیکشن کمیشن کے مطابق جی بی اے بیس غذر دو پر اعتراض مسترد ہونے کے بعد مسلم لیگ (ن) کے عبدالجہان کی کامیابی برقرار رہی جبکہ جی بی اے انیس غذر ایک میں بھی اعتراض مسترد کرتے ہوئے پاکستان پیپلز پارٹی کے سید جلال شاہ کی جیت برقرار رکھی گئی۔
اس کے علاوہ جی بی اے پندرہ دیامر ایک میں اعتراض مسترد ہونے کے بعد آزاد امیدوار دلپذیر کی کامیابی برقرار رہی جبکہ جی بی اے پانچ نگر ایک میں بھی اعتراض مسترد کر دیا گیا اور پیپلز پارٹی کے ذوالفقار علی مراد کی جیت برقرار رکھی گئی۔
الیکشن کمیشن کے فیصلے کے مطابق جی بی اے سولہ دیامر دو میں آزاد امیدوار امام مالک کی دوبارہ پولنگ کی درخواست مسترد کر دی گئی تاہم پوسٹل بیلٹ پیپرز کی گنتی کا حکم دیا گیا ہے۔