محرم میں فول پروف سکیورٹی،ہرممکن سہولیات فراہم کی جائیں۔مریم نواز
پنجاب حکومت نے انتظامی امور میں نیا معیار قائم کر دیا ہے۔ عیدالاضحیٰ کے بہترین انتظامات پر ضلعی انتظامیہ اور فیلڈ ٹیمیں شاباش کی مستحق قرار دی گئی ہیں۔ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ کامیابی پر اکتفا نہیں بلکہ مسلسل بہتری حکومت کی پالیسی ہے، اس لیے محرم الحرام کے دوران گزشتہ انتظامات سے بھی بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کیا جائے گا۔
انہوں نے لاہور میں محرم الحرام کے دوران سکیورٹی انتظامات کے جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے ہدایت کی کہ عزاداروں کو فول پروف سکیورٹی اور ہر ممکن سہولیات فراہم کی جائیں۔
وزیراعلیٰ نے عیدالاضحیٰ کے موقع پر صفائی اور سیکیورٹی کے شاندار انتظامات پر تمام اداروں، کمشنرز، ڈپٹی کمشنرز اور ضلعی انتظامیہ کی کارکردگی کو سراہا۔انہوں نے کہا کہ لوکل گورنمنٹ کی ٹیم اور پنجاب بھر کی سترہ فیلڈ فارمیشنز نے بہترین خدمات انجام دیں، جس کے باعث صفائی کا آپریشن بروقت مکمل ہوا اور عیدگاہوں و مساجد کی صفائی بھی مثالی رہی۔
مریم نواز شریف نے کہا کہ تمام اداروں نے مشترکہ حکمت عملی کے تحت کام کیا ہے اور ایک جامع انتظامی منصوبہ تیار کیا گیا ہے تاکہ کارکردگی اور شفافیت کو مزید بہتر بنایا جا سکے۔انہوں نے ہدایت کی کہ محرم الحرام کے دوران حساس علاقوں میں خصوصی سکیورٹی اقدامات کیے جائیں، اضافی نفری تعینات کی جائے اور جدید ٹیکنالوجی کا استعمال یقینی بنایا جائے۔
وزیراعلیٰ نے علمائے کرام اور مذہبی قیادت کے تعاون کو بھی سراہا اور کہا کہ امن و امان برقرار رکھنا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ عزاداروں کو ہر ممکن سہولت فراہم کی جائے، جلوسوں کے راستوں پر پانی اور شربت کی سبیلیں لگائی جائیں، صفائی، سائن ایج اور راستوں کی بہتری پر خصوصی توجہ دی جائے۔
مریم نواز شریف نے واضح کیا کہ کسی بھی جگہ کھلا مین ہول یا خطرناک جگہ موجود نہیں ہونی چاہیے، اور ریسکیو، میڈیکل اور ایمرجنسی سروسز کو چوبیس گھنٹے الرٹ رکھا جائے۔