Pakistan

ریونیو اتھارٹی ریونیو بڑھانے کےمؤثر اقدامات کرے، مریم نواز

ریونیو اتھارٹی ریونیو بڑھانے کےمؤثر اقدامات کرے، مریم نواز
۱ منٹ پہلے

وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے صوبائی بجٹ 27-2026ء کی دستاویز پر دستخط کر دیئے۔

 

اس موقع پر وزیرِ اعلیٰ نے پنجاب ریونیو اتھارٹی کو ریونیو بڑھانے کے لیے مؤثر اقدامات کرنے کی ہدایت بھی کی۔

 

مریم نواز نے کہا کہ پوری ٹیم نے عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے ایک یونٹ کی طرح کام کیا اور بھرپور کوشش کی گئی کہ عوام پر اضافی بوجھ نہ ڈالا جائے۔

 

انہوں نے کہا کہ انہیں امید ہے کہ حکومت گزشتہ برسوں کی طرح عوام کی توقعات پر پورا اترے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ اللّٰہ تعالیٰ پنجاب کے عوام کی خدمت کی توفیق دے، یہ امید کا بجٹ ہے اور حکومت اپنی عوام کو اپنے وسائل سے ریلیف فراہم کرے گی۔

 

اس موقع پر صوبائی وزیرِ خزانہ مجتبیٰ شجاع الرحمٰن نے کہا کہ آئندہ مالی سال میں پنجاب حکومت کی توجہ کاروبار اور صنعت کے فروغ پر ہوگی۔

 

انہوں نے کہا کہ وزیرِ اعلیٰ کی قیادت میں یہ پنجاب حکومت کا تیسرا بجٹ ہوگا اور بجٹ 27-2026ء عوام دوست وژن کی عکاسی کرے گا۔

 

مجتبیٰ شجاع الرحمٰن کے مطابق صوبائی وسائل میں اضافے، ٹیکس نیٹ کو وسعت دینے اور معاشی سرگرمیوں کو فروغ دینے کے لیے ٹھوس اقدامات کیے جائیں گے۔

 

انہوں نے مزید کہا کہ آئندہ مالی سال میں روزگار کے مواقع پیدا کرنے اور کاروباری ماحول بہتر بنانے پر خصوصی توجہ دی جائے گی۔

مزید خبروں اور دلچسپ ویڈیوز کے لیے ہمارے ساتھ شامل ہوں