Pakistan

علیمہ خان کی وفاقی وزراء،صحافیوں کو بطور عدالتی گواہ طلب کرنے کی استدعا

علیمہ خان کی وفاقی وزراء،صحافیوں کو بطور عدالتی گواہ طلب کرنے کی استدعا
۱ منٹ پہلے

انسدادِ دہشت گردی کی خصوصی عدالت میں علیمہ خان سمیت 11 ملزمان کے خلاف 26 نومبر احتجاج سے متعلق مقدمے کی سماعت ہوئی۔

 

سماعت انسدادِ دہشت گردی عدالت کے جج امجد علی شاہ نے کی جبکہ سینئر پراسیکیوٹر ظہیر شاہ پر مشتمل پراسیکیوشن ٹیم بھی کمرۂ عدالت میں موجود تھی۔عدالت نے مقدمے کی سماعت کل دن ایک بجے تک ملتوی کر دی۔

 

سماعت کے دوران علیمہ خان اپنے وکیل محمد فیصل ملک کے ہمراہ عدالت میں پیش ہوئیں جبکہ وکیل نعیم حیدر پنجوتھہ بھی ان کے ساتھ موجود تھے۔

 

علیمہ خان کے وکیل نے استغاثہ کے 21 گواہان کو بطور عدالتی گواہ طلب کرنے کی درخواست دائر کی، جسے عدالت نے سماعت کے لیے منظور کرتے ہوئے فریقین کو نوٹسز جاری کر دیئے۔

 

درخواست میں وفاقی وزیرِ داخلہ محسن نقوی، وفاقی وزیرِ اطلاعات عطاء اللہ تارڑ اور صوبائی وزیر عظمیٰ بخاری کو بطور عدالتی گواہ طلب کرنے کی استدعا کی گئی ہے۔

 

اس کے علاوہ سینئر صحافی انصار عباسی، شاہزیب خانزادہ، مختلف اخبارات کے نیوز ایڈیٹرز، ٹی وی چینلز کے نیوز ایڈیٹرز اور بیورو چیفس کو بھی بطور گواہ طلب کرنے کی درخواست میں شامل کیا گیا ہے۔

 

عدالت نے ملزمہ کی درخواست پر پراسیکیوشن کو نوٹس جاری کرتے ہوئے کل جواب طلب کر لیا ہے۔دورانِ سماعت علیمہ خان کو دفعہ 342 کے تحت 37 سوالات پر مشتمل سوالنامہ بھی فراہم کیا گیا، جبکہ مقدمے میں شریک 2 ملزمان عدالت قریشی اور طیب شاہ نے اپنے بیانات بھی قلمبند کرا دیے۔عدالت نے آئندہ کارروائی کے لیے سماعت کل تک ملتوی کر دی۔

مزید خبروں اور دلچسپ ویڈیوز کے لیے ہمارے ساتھ شامل ہوں