Pakistan

امن کیلئے فیلڈ مارشل، وزیرِخارجہ اور وزیرِ داخلہ سرگرمِ عمل رہے، شہباز شریف

امن کیلئے فیلڈ مارشل، وزیرِخارجہ اور وزیرِ داخلہ سرگرمِ عمل رہے، شہباز شریف
۲ گھنٹے پہلے

وزیرِ اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ خطے میں کشیدگی کے بادل چھٹ گئے ہیں اور پاکستان نے امن کے قیام کے لیے مؤثر سفارتی کوششیں کی ہیں، جن میں فیلڈ مارشل، نائب وزیرِ اعظم، وزیرِ خارجہ اور وزیرِ داخلہ نے فعال کردار ادا کیا۔

 

اسلام آباد میں مسلم لیگ ن کی خواتین ارکانِ پارلیمنٹ سے ملاقات کے دوران وزیرِ اعظم نے ان کا خیرمقدم کیا اور بجٹ اجلاس میں بھرپور شرکت پر اظہارِ تشکر کیا۔

 

شہباز شریف نے کہا کہ حکومت نے بجٹ میں عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف دینے کی کوشش کی ہے، جبکہ خواتین کی خود مختاری اور انہیں قومی ترقی کے دھارے میں شامل کرنے کے لیے بھی اقدامات شامل کیے گئے ہیں۔

 

انہوں نے کہا کہ خواتین کو بااختیار بنانا حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے تاکہ وہ ملکی ترقی میں بھرپور کردار ادا کر سکیں۔

 

وزیرِ اعظم کے مطابق خطے اور عالمی سطح پر دیرپا امن کے بغیر معاشی ترقی ممکن نہیں، اسی لیے پاکستان نے عالمی مہنگائی کے اثرات سے عوام کو محفوظ رکھنے کی کوشش کی۔

 

انہوں نے کہا کہ گزشتہ مہینوں میں ملک کو کسی بڑے بحران کا سامنا نہیں کرنا پڑا اور نہ ہی ایندھن کی قلت یا طویل قطاریں دیکھنے میں آئیں، جس کی وجہ بہتر منصوبہ بندی ہے۔

 

شہباز شریف نے مزید کہا کہ وفاقی اور صوبائی حکومتوں کے تعاون سے کمزور طبقات کے لیے تاریخی ریلیف پیکیج دیا گیا، اور مشکل وقت میں سب سے پہلے قربانی کا آغاز حکومتی کابینہ اور اداروں سے کیا گیا۔

 

انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ اس ملک میں عوام قربانی دیں اور اشرافیہ مراعات حاصل کرتی رہے، یہ قابلِ قبول نہیں۔

مزید خبروں اور دلچسپ ویڈیوز کے لیے ہمارے ساتھ شامل ہوں