پارک ویو،خاتون نے پلاٹ ڈیلز میں فراڈ کر کے کروڑوں ہتھیا لیے
اسلام آباد کی پارک ویو سوسائٹی، اوورسیز بلاک میں مبینہ طور پر پلاٹ ڈیل کے نام پر کروڑوں روپے کے فراڈ کا کیس سامنے آیا ہے۔
خاتون ملزمہ حفصہ پرویز پر الزام ہے کہ انہوں نے شہریوں سے پلاٹ کی خرید و فروخت کے دوران بھاری رقوم وصول کیں تاہم معاہدے کے مطابق مکمل ادائیگی نہیں کی گئی۔
تفصیلات کے مطابق ان کی جانب سے دیے گئے متعدد چیک بھی باونس ہو گئے، جس کے بعد ان کے خلاف فراڈ، دھوکہ دہی اور چیک باونس کے مقدمات درج کیے گئے۔
ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد میں جوڈیشل مجسٹریٹ عباس شاہ کی عدالت میں سماعت ہوئی، جہاں ملزمہ پیش ہوئیں تاہم گواہان کے بیانات ریکارڈ نہ ہو سکے۔
عدالت نے کیس کی سماعت 22 جولائی تک ملتوی کر دی۔
مزید اطلاعات کے مطابق تھانہ کوہسار میں بھی ملزمہ کے خلاف 1 کروڑ 78 لاکھ روپے کے چیک باونس کا الگ مقدمہ درج ہے، جبکہ فراڈ اور دھوکہ دہی کے مزید الزامات بھی زیر تفتیش ہیں۔