Pakistan

کشمیری پُر امن رہیں، دھرنے ختم کر کے بامقصد مذاکرات کریں: نواز شریف

کشمیری پُر امن رہیں، دھرنے ختم کر کے بامقصد مذاکرات کریں: نواز شریف
۱ منٹ پہلے

مسلم لیگ (ن) کے صدر نواز شریف کی زیر صدارت آزاد کشمیر کی سیاسی اور انتظامی صورتحال پر ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں مسلم لیگ (ن) آزاد کشمیر اور مرکزی قیادت نے شرکت کی۔

 

اجلاس کے دوران نواز شریف نے آزاد کشمیر کی موجودہ سیاسی صورتحال پر تشویش کا اظہار کیا اور کہا کہ ایسے حالات پیدا نہیں ہونے چاہئیں جو عوامی مشکلات میں اضافہ کریں۔ انہوں نے کہا کہ ملک سب کا ہے اور عوامی حقوق کے لیے آئین کے دائرے میں رہ کر جدوجہد کی جانی چاہیے۔

 

نواز شریف نے واضح کیا کہ مسلم لیگ (ن) مسئلہ کشمیر پر ایک واضح اور اصولی مؤقف رکھتی ہے، اور مقبوضہ کشمیر کے عوام کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حق خود ارادیت ملنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ جماعت نے ہمیشہ آزاد کشمیر کے عوام کے آئینی حقوق اور ترقیاتی امور کو ترجیح دی ہے۔

 

انہوں نے کشمیری عوام سے اپیل کی کہ وہ پرامن رہیں، اپنا پاکستان کے ساتھ نظریاتی اور فکری رشتہ برقرار رکھیں اور دھرنوں کو ختم کر کے بامقصد مذاکرات کی طرف آئیں۔ ان کا کہنا تھا کہ تمام سیاسی جماعتوں اور فریقین کو مل کر امن کی بحالی کے لیے کردار ادا کرنا چاہیے۔

 

نواز شریف نے کہا کہ ہمیں بھائی چارے اور رواداری کی سیاست کو فروغ دینا چاہیے کیونکہ اس ملک میں سب نے مل کر بھائیوں کی طرح رہنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام نے پاکستان کے لیے بے مثال قربانیاں دی ہیں اور پاکستان نے بھی ہمیشہ ان کی جدوجہد کی حمایت کی ہے۔

 

انہوں نے مزید کہا کہ موجودہ حالات میں حکومت پاکستان اور دفاعی اداروں نے نمایاں کامیابیاں حاصل کی ہیں، اس لیے ایسے کسی بھی عمل سے گریز کرنا چاہیے جو دشمن قوتوں کے مفادات کو تقویت دے۔

 

اجلاس میں آزاد کشمیر میں حالیہ واقعات میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار کیا گیا اور مرحومین کے لیے دعائے مغفرت کی گئی۔

 

نواز شریف نے گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کی انتخابی مہم بہتر انداز میں چلانے پر انجینئر امیر مقام کی کارکردگی کو بھی سراہا۔

مزید خبروں اور دلچسپ ویڈیوز کے لیے ہمارے ساتھ شامل ہوں