اسلام آباد ہائیکورٹ: بانی پی ٹی آئی ،بشریٰ بی بی کے وکالت ناموں پر عملدرآمد کا حکم
اسلام آباد ہائی کورٹ نے بانی پاکستان تحریکِ انصاف اور بشریٰ بی بی کے وکالت ناموں پر دستخط کروا کر سپریم کورٹ میں اپیل دائر کرنے کے عدالتی حکم پر عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔
عدالت نے ایڈووکیٹ جنرل آفس کو حکم دیا ہے کہ وہ 7 روز کے اندر عدالتی حکم پر مکمل عمل درآمد کرائے۔
یہ کارروائی اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس سردار محمد سرفراز ڈوگر اور جسٹس محمد آصف پر مشتمل دو رکنی ڈویژن بینچ نے بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کی سزا کے خلاف اپیلوں کی سماعت کے دوران کی۔
سماعت کے دوران وکیل بیرسٹر سلمان صفدر نے مؤقف اختیار کیا کہ عدالتی آرڈر کے باوجود وکالت نامے فراہم نہیں کیے جا رہے، جس کے باعث اپیل دائر کرنے میں تاخیر ہو رہی ہے۔ ان کے مطابق جیل حکام کی جانب سے وکالت ناموں پر دستخط کروا کر فراہم نہیں کیے جا رہے۔
چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ اگر فریقین اگلے فورم سے رجوع کرنا چاہتے ہیں تو وکالت ناموں کی فراہمی ضروری ہے، اور اس عمل میں رکاوٹ ناقابلِ قبول ہے۔
عدالت نے ایڈووکیٹ جنرل آفس کو ہدایت دی کہ وکالت ناموں پر دستخط کروا کر انہیں 7 روز میں فراہم کیا جائے اور عدالتی حکم پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔ کیس کی مزید سماعت جون کے آخری ہفتے تک ملتوی کر دی گئی۔