آزاد کشمیر انتخابی شیڈول میں اہم تبدیلی، نامزدگی فارم جمع کرانے کی مدت میں توسیع
آزاد جموں و کشمیر کے انتخابی شیڈول میں اہم ترمیم کر دی گئی ہے، جس کے تحت کاغذاتِ نامزدگی جمع کرانے کی مدت میں توسیع کر دی گئی ہے۔
آزاد جموں و کشمیر الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق امیدوار اب 23 جون شام 5 بجے تک اپنے کاغذاتِ نامزدگی جمع کرا سکیں گے۔ الیکشن کمیشن نے واضح کیا ہے کہ انتخابی شیڈول میں یہ ترمیم کر دی گئی ہے تاہم پولنگ 27 جولائی کو ہی منعقد ہوگی۔
نوٹیفکیشن کے مطابق کاغذاتِ نامزدگی کی جانچ پڑتال 24 جون سے شروع ہوگی۔ ریٹرننگ افسران کے فیصلوں کے خلاف اپیلیں 25 سے 28 جون تک دائر کی جا سکیں گی، جبکہ الیکشن کمیشن ان اپیلوں کی سماعت 29 اور 30 جون کو کرے گا۔
امیدوار 3 جولائی دوپہر 2 بجے تک اپنے کاغذاتِ نامزدگی واپس لے سکیں گے، جبکہ حتمی امیدواروں کی فہرست 4 جولائی کو جاری کی جائے گی۔ انتخابی نشانات 5 جولائی کو الاٹ کیے جائیں گے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق ضلع پونچھ کے امیدوار اپنے کاغذاتِ نامزدگی متعلقہ ریٹرننگ افسران کے پاس ہی جمع کرائیں گے، اور پونچھ میں کاغذات کی وصولی اور جانچ پڑتال کے لیے عارضی انتظامات کی تجویز واپس لے لی گئی ہے۔
الیکشن کمیشن نے تمام امیدواروں کو ہدایت کی ہے کہ وہ مقررہ وقت کے اندر اپنے کاغذاتِ نامزدگی جمع کرائیں تاکہ انتخابی عمل بروقت اور شفاف طریقے سے مکمل کیا جا سکے۔