کون سی قیادت نے بانی کی اجازت کے بغیر بجٹ پیش کرنے کا فیصلہ کیا۔مشال یوسفزئی
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی رہنما سینیٹر مشال یوسفزئی نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی نے آخری ٹرائل کے دوران خیبرپختونخوا کے بجٹ سے متعلق واضح ہدایات دی تھیں، اور اس موقع پر سینئر وکلا بھی موجود تھے۔
انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ پارٹی کی قانونی ٹیم کے مطابق تین ماہ کے بجٹ میں کوئی قانونی سقم موجود نہیں ہے۔ ان کے مطابق بانی پی ٹی آئی نے مزمل اسلم کو بجٹ کے طریقہ کار کے حوالے سے واضح احکامات دیے تھے۔
مشال یوسفزئی نے سوال اٹھایا کہ کون سی قیادت ہے جس نے بانی کی اجازت کے بغیر مکمل بجٹ پیش کرنے کا فیصلہ کیا؟ ان کے مطابق مکمل بجٹ کے حوالے سے نہ سیاسی کمیٹی کا اجلاس ہوا اور نہ ہی پارلیمانی پارٹی نے ایسا کوئی فیصلہ کیا۔
انہوں نے کہا کہ پارلیمانی پارٹی نے آرٹیکل 125 کے تحت صرف صوبائی امور چلانے کے لیے بجٹ پیش کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔
مشال یوسفزئی نے مزید کہا کہ وفاق بانی پی ٹی آئی کے انسانی حقوق بحال نہیں کر رہا تو ہر معاملے میں ہمیں "اچھے بچے" کیوں بننا چاہیے؟
ان کے مطابق اس وقت وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا پارٹی کی قیادت کر رہے ہیں اور وہ خود بجٹ کے معاملے پر فیصلہ کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ تک بانی پی ٹی آئی کی ہدایات پہنچ چکی ہوں گی۔