Business

امریکا ایران مذاکرات میں مثبت پیش رفت، عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتیں گر گئیں

امریکا ایران مذاکرات میں مثبت پیش رفت، عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتیں گر گئیں
۱ دن پہلے

نیویارک: امریکا اور ایران کے درمیان مذاکرات میں مثبت پیش رفت کی خبریں سامنے آتے ہی عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں کمی کا رجحان دیکھنے میں آیا ہے۔

 

بین الاقوامی مارکیٹ میں برینٹ خام تیل کی قیمت میں 1.45 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی، جس کے بعد یہ 79.42 ڈالر فی بیرل پر آ گئی۔ اسی طرح امریکی ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ (WTI) خام تیل کی قیمت بھی 2.07 فیصد کمی کے بعد 75.73 ڈالر فی بیرل پر ٹریڈ کر رہی ہے۔

 

واضح رہے کہ اس سے قبل ایران اور امریکا کے درمیان مذاکرات سے متعلق مختلف قیاس آرائیوں کے باعث عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتوں میں اضافہ دیکھنے میں آیا تھا۔ غیر ملکی میڈیا کے مطابق ان قیاس آرائیوں کے دوران برینٹ خام تیل کی قیمت بڑھ کر 81.27 ڈالر فی بیرل تک پہنچ گئی تھی، تاہم اب مثبت پیش رفت کے اشاروں نے مارکیٹ پر دباؤ کم کر دیا ہے۔

 

دوسری جانب دنیا کے بیشتر اسٹاک مارکیٹ انڈیکسز میں بھی بہتری ریکارڈ کی گئی ہے۔

 

معاشی ماہرین کے مطابق اگر امریکا اور ایران کے درمیان مستقل معاہدہ طے پا جاتا ہے تو عالمی توانائی منڈی کو استحکام حاصل ہو سکتا ہے، تیل کی رسد میں بہتری آ سکتی ہے اور عالمی معیشت پر موجود بعض دباؤ میں کمی آ سکتی ہے۔

 

تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ آنے والے دنوں میں مذاکرات کے نتائج نہ صرف تیل کی قیمتوں بلکہ عالمی اسٹاک مارکیٹوں، توانائی کے شعبے اور مشرقِ وسطیٰ کی مجموعی صورتحال پر بھی نمایاں اثرات مرتب کر سکتے ہیں۔

مزید خبروں اور دلچسپ ویڈیوز کے لیے ہمارے ساتھ شامل ہوں