Breaking News

ایران کے ساتھ مذاکرات میں اہم پیشرفت، فائنل ڈیل کی بنیاد رکھ دی گئی: امریکی نائب صدر

ایران کے ساتھ مذاکرات میں اہم پیشرفت، فائنل ڈیل کی بنیاد رکھ دی گئی: امریکی نائب صدر
۵۳ منٹ پہلے

امریکی نائب صدر جے ڈی وینس نے کہا ہے کہ ایران کے ساتھ جاری مذاکرات میں مثبت پیشرفت ہوئی ہے اور فائنل ڈیل کی بنیاد رکھ دی گئی ہے۔

 

سوئٹزرلینڈ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے جے ڈی وینس نے کہا کہ آبنائے ہرمز کو باقاعدہ طور پر کھول دیا گیا ہے اور ایرانی حکومت کے ساتھ معاملات کو مزید بگاڑنے کے بجائے آگے بڑھانے پر بات چیت ہوئی۔

 

انہوں نے بتایا کہ مذاکرات کے دوران حزب اللہ اور اسرائیل کے درمیان جاری کشیدگی اور ممکنہ طور پر اس تنازع کو روکنے کے طریقہ کار پر بھی گفتگو کی گئی۔ ان کے مطابق فائنل ڈیل کے لیے بنیادی فریم ورک تیار کر لیا گیا ہے، تاہم ابھی متعدد اہم معاملات طے ہونا باقی ہیں۔

 

امریکی نائب صدر نے مزید کہا کہ ایرانی وفد کی جانب سے ایک موقع پر واک آؤٹ کی دھمکی دی گئی تھی، تاہم وفد مذاکرات میں شامل رہا اور بات چیت جاری رکھی گئی۔

 

ان کا کہنا تھا کہ تکنیکی ٹیموں کے درمیان مذاکرات آئندہ دنوں تک جاری رہیں گے اور کوشش کی جائے گی کہ معاملات کو عملی طور پر آگے بڑھایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ اگر دھمکیاں دی گئیں تو امریکی صدر حقائق کی وضاحت کے لیے بیان دے سکتے ہیں اور وہ خود بھی ریکارڈ کی درستگی کے لیے مؤقف سامنے لا سکتے ہیں۔

 

جے ڈی وینس نے کہا کہ امریکا پورے خطے میں جنگ بندی چاہتا ہے اور ایسی کسی صورتحال سے بچنا چاہتا ہے جو پورے مشرقِ وسطیٰ کو مزید تنازع میں دھکیل دے۔ انہوں نے مثال دیتے ہوئے کہا کہ لبنان سے ڈرون حملے کی صورت میں اسرائیل کی جانب سے ردِعمل سامنے آتا ہے، جس سے کشیدگی بڑھ سکتی ہے۔

 

انہوں نے یہ بھی کہا کہ ایرانی ایٹمی پروگرام بند کرنے سے متعلق پیشرفت ہوئی ہے اور تکنیکی ٹیمیں آئندہ مرحلے کے طریقہ کار کا جائزہ لیں گی۔ ان کے مطابق ایران بین الاقوامی جوہری توانائی ایجنسی (آئی اے ای اے) کے معائنہ کاروں کو واپس بلانے پر رضامند ہے، جس سے مستقبل کے لائحہ عمل کے لیے مضبوط بنیاد فراہم ہوئی ہے۔

 

امریکی نائب صدر کے مطابق گزشتہ روز مذاکرات میں حزب اللہ پر ایران کے اثرورسوخ کے معاملے پر بھی گفتگو ہوئی۔ انہوں نے بتایا کہ سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات کے ساتھ بھی رابطے برقرار رہے، جبکہ اسرائیل کی سیکیورٹی کو ناگزیر قرار دیتے ہوئے لبنان کی خودمختاری کے تحفظ کی ضرورت پر بھی زور دیا گیا۔ ان کا کہنا تھا کہ امریکا چاہتا ہے کہ ایران حزب اللہ پر اپنا اثرورسوخ استعمال کرے اور کشیدگی میں کمی لانے میں کردار ادا کرے۔

مزید خبروں اور دلچسپ ویڈیوز کے لیے ہمارے ساتھ شامل ہوں