لکھنؤ ،3منزلہ کوچنگ سینٹر میں آتشزدگی،15افراد ہلاک
بھارتی شہر لکھنؤ کے علاقے علی گنج میں ایک تین منزلہ کوچنگ سینٹر کی عمارت میں لگنے والی خوفناک آگ نے تباہی مچا دی، جس کے نتیجے میں کم از کم 15 افراد جان کی بازی ہار گئے۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق تمام اموات شدید دھوئیں کے باعث دم گھٹنے سے ہوئیں۔
بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق پیر کے روز پیش آنے والے اس واقعے میں عمارت کا ڈیزائن اور حفاظتی انتظامات جانی نقصان میں اضافے کا بڑا سبب بنے۔ رپورٹ کے مطابق عمارت میں صرف ایک ہی داخلی اور خارجی راستہ موجود تھا، جو پہلے ہی انتہائی تنگ تھا۔ اسی راستے کے ساتھ بجلی کی تاریں، ائیرکنڈیشنر پینلز اور دیگر آلات غیر منظم انداز میں نصب تھے، جس نے ہنگامی صورتحال میں اس راستے کو مکمل طور پر بند اور خطرناک بنا دیا۔
عمارت میں ایک ہی سیڑھی موجود تھی جو تینوں منزلوں کو آپس میں ملاتی تھی، اور جیسے ہی آگ پھیلی تو یہ سیڑھی اور مرکزی راستہ دھوئیں سے بھر گئے، جس کے باعث اندر موجود افراد کے لیے باہر نکلنا تقریباً ناممکن ہو گیا۔
ابتدائی معلومات کے مطابق آگ مبینہ طور پر گراؤنڈ فلور پر موجود ایک پالتو جانوروں کی دکان سے شروع ہوئی، جہاں تہہ خانے میں بھی سامان ذخیرہ کیا گیا تھا۔ آگ تیزی سے اوپر کی منزلوں تک پھیل گئی جہاں ایک سٹوڈیو اور کوچنگ سینٹر قائم تھے۔
ریسکیو ٹیموں کے مطابق جب وہ موقع پر پہنچیں تو پوری عمارت شدید دھوئیں سے بھر چکی تھی اور وہاں کوئی متبادل ایمرجنسی ایگزٹ موجود نہیں تھا، جس کی وجہ سے اندر داخل ہونا انتہائی مشکل ہو گیا۔
فائر بریگیڈ حکام نے بتایا کہ ابتدائی طور پر براہ راست داخلی راستوں سے داخلہ ممکن نہیں تھا، اس لیے انہوں نے متبادل حکمت عملی اختیار کی۔ ریسکیو اہلکاروں نے ہائیڈرولک کٹر، ہتھوڑوں اور ڈرل مشینوں کی مدد سے ساتھ والی عمارت کی دیوار توڑ کر اندر داخل ہونے کا راستہ بنایا۔
دیوار میں سوراخ کرنے کے بعد شدید دھواں باہر نکل آیا، جس سے ریسکیو ٹیم کو بھی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ بعد ازاں دھوئیں کو کم کرنے کے لیے ایگزاسٹ فینز استعمال کیے گئے تاکہ اندر داخل ہو کر ریسکیو آپریشن جاری رکھا جا سکے۔